غزہ فنڈ قائم،مسلم حکمران جرات کامظاہرہ کریں،سراج الحق

لاہور (اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے اسرائیل جنگی جرائم میں ملوث ہے، نہتے و معصوم فلسطینیوں کا قتل عام اور غزہ پر کیمیکل ہتھیاروں سے حملے کیے جا رہے ہیں، عالمی برادری، اقوام متحدہ تماشائی بننے کی بجائے فلسطینیوں کو جائز و قانونی حق دلائے،او آئی سی اور اسلامی ممالک کے حکمران جرات مندانہ مو¿قف اختیار کریں، اسلامی دنیا کے حکمران اتحاد کا مظاہرہ کریں تو مسجد اقصیٰ اور فلسطین آزاد ہو سکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہنما موتمر عالم اسلامی و مسلم لیگ (ن) راجہ ظفر الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سراج الحق نے غزہ فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے پاکستانیوں سے اپیل کی بڑھ چڑھ کر عطیات دیں، جماعت اسلامی کے کارکن مساجد، بازاروں اور گلی کوچوں میں کیمپ لگائیں گے اور مظلوموں کی امداد کےلئے عطیات اکٹھے کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہااقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین پر جگانے کےلئے پاکستانی عوام کی طرف ایک کروڑ پٹیشن بھیجی جائے گی جس میں اسرائیلی دہشتگردی کو روکنے کا مطالبہ شامل ہو گا،اسلامی ممالک کے حکمران امت کے جذبات کی پوری طرح ترجمانی کریں، اہم ترین اسلامی ملک ہونے کے ناطے پاکستان کو پہل کرنا ہو گی،امریکہ اسرائیلی ننگی جارحیت کی حمایت ترک کرے۔