عوامی اعتماد بحال کرنے کےلئے سپریم کورٹ خود معلومات ویب سائٹ پر پبلک کرسکتی ہے، جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت اپنے ملازمین کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کو سپریم کورٹ ملازمین کی معلومات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا 7 دنوں میں معلومات درخواست گزار کو فراہم کی جائیں۔ فیصلے میں کہا گیا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کا اطلاق سپریم کورٹ پر نہیں ہوتا، آرٹیکل 19اے کے تحت معلومات تک رسائی شہریوں کا حق ہے، معلومات کے حصول کا تقاضا کرنے والے پر وجوہات بتانا لازم ہے، درخواست گزار کو انٹراکورٹ اپیل و سپریم کورٹ میں اپیل کیلئے جمع کرائی گئی فیس واپس کی جائے، فیصلے کو اردو میں بھی جاری کیا جائے، معلومات فراہم کرنے والا وجوہات کے جائزے کا پابند ہے ۔

جسٹس اطہر من اللہ نے 5 صفحات پرمشتمل اضافی نوٹ جاری کردیا، اضافی نوٹ میں لکھا گیا عوامی اعتماد بحال کرنے کےلئے سپریم کورٹ خود معلومات ویب سائٹ پر پبلک کرسکتی ہے، کسی شہری کو معلومات کی درخواست کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہئے، معلومات فراہم کرنا آرٹیکل 19 اے کے تحت بنیادی حق ہے۔

اضافی نوٹ میں مزید کہا گیا اسلام آباد ہائیکورٹ بھی 2017 ایکٹ کے تحت نہیں آتی تھی لیکن عدالت عالیہ نے رضاکارانہ طور پر معلومات تک رسائی فراہم کی، سپریم کورٹ کو بھی مثال قائم کرنا ہوگی۔