بنگلہ دیش کے دورے کےلئے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان

لاہور (مشرق نیوز) ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جو اس ماہ بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر نے کیا۔پاکستانی ٹیم بیس اکتوبر کو بنگلہ دیش روانہ ہوگی جس میں وہ محدود اوورز کے چھ میچ کھیلے گی جن میں آئی سی سی چیمپئن شپ کے تین ون ڈے انٹرنیشنل بھی شامل ہیں۔ان میچوں کے شیڈول کا اعلان بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بعد میں کرے گا۔ٹیم میں تجربہ کار ارم جاوید کی ایک سال بعد واپسی ہوئی ہے۔ وہ آخری مرتبہ گزشتہ سال برمنگھم کے کامن ویلتھ گیمز میں کھیلی تھیں اس کے علاوہ انہوں نے اس سال راولپنڈی میں خواتین کے نمائشی میچوں میں سپر ویمن کی نمائندگی کی تھی۔شوال ذوالفقار اور سیدہ عروب شاہ کو ڈراپ کردیا گیا ہے البتہ وہ مرید کے میں ہونے والے ایمرجنگ کیمپ کی اٹھائیس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ ایمرجنگ ٹیم اس ماہ ویسٹ انڈیز اورتھائی لینڈ کی ایمرجنگ ٹیموں کے خلاف ہوم سیریز اور ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کھیلے گی۔ فاطمہ ثناءابھی تک مکمل فٹ نہیں ہوسکی ہیں وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں انجرڈ ہوگئی تھیں۔