ساہیوال(بیورورپورٹ
)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے صاف پانی کی دستیابی کےلئے اہم اقدام اٹھا لیا، ڈویژن کے تمام سرکاری سکولوں، کالجوں، ہسپتالوں، مراکز صحت اور دفاتر کی پانی ٹینکیوں کی صفائی کا حکم دیدیا ، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی کمشنرآفس بھجوائی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت سرکاری عمارات میں موجود پانی ٹینکیوں کی عرصہ دراز سے صفائی نہ ہونے کی شکایات پر جاری کی، میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈویژن کے تمام میونسپل اداروں کے آفیسرز کو پانی کی ٹینکیوں کی صفائی کا کام تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو مختلف بیماریوں سے بچانے کےلئے صاف پانی کی دستیابی نہایت ضروری ہے، انہوں نے اداروں کے سربراہان کو بھی صفائی مہم میں شمولیت کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز اورپسپ پروگرام کے انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان بھی موجود تھے،مزید برآں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے واپڈا کے بقایا جات وصولی کےلئے ڈویژن بھر میں تعینات تحصیلداروں کو تحصیلدار (ریکوری) کا اضافی چارج دےدیا ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام تحصیلدار واپڈا (لیسکو/میپکو) میں بطور تحصیلدار (ریکوری) کام کریں گے اور بجلی واجبات کے ڈیفالٹرز سے وصولی کریں گے۔
ساہیوال میں سرکاری عمارتوں کی پانی ٹینکیاں صاف کرنے کا حکم



















