لنکا،افغانستان کو شکست،افریقہ نے ورلڈکپ میں تاریخ رقم کردی

نئی دہلی،دھرم شالہ(ایم این پی)لنکا،افغانستان کو شکست،افریقہ نے ورلڈکپ میں تاریخ رقم کردی۔

نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ رہا، کپتان ٹمبا بووما محض 8 رنز بناکر چلتے بنے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور راسی وین ڈیر ڈوسن نے دوسری وکٹ کیلئے 204 رنز کی شراکت بنائی،دونوں نے شاندار سنچریاں جڑیں۔

بعد میں آنے والے ایڈن مارکرم نے محض 49 گیندوں پر سنچری بناکرورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری کا نیا ریکارڈ بھی بنادیا،ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں 3 سنچریاں بنیں،جنوبی افریقہ نے 50 اوورز میں 5 وکٹوں پر 428 رنز بنائے جو عالمی کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے،قبل ازیں2015 کے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے 417 رنز بنائے تھے۔

ہدف کے تعاقب میں لنکا کی بیٹنگ بھی فلاپ رہی اور پوری ٹیم 326تک محدود رہی،جنوبی افریقہ نے میچ 102رنزسے جیت لیا۔

دریں اثنا دھرم شالا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے افغانستان کےخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،افغانستان کی پوری ٹیم 156پر چلتی بنی،اوپنر رحمان گرباز 47 رنز بناکر ٹاپ سکور رہے،بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن اور مہدی حسن نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔

بنگال ٹائیگرز نے157رنزکا ہدف 35ویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا،نجم الحسین شنتو نے 59 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔