اسلام آباد(بیورورپورٹ)ملک میں مہنگائی بلند ترین سطح پر برقرار رہے گی،وزارت خزانہ نے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے آنے والے مہینوں میں مہنگائی بلند سطح پر برقرار رہے گی،پٹرولیم مصنوعات،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی بڑی وجہ ہے،رپورٹ میں کہا گیا ستمبر 2023 میں مہنگائی 29 سے 31 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ نے کہا ٹرانسپورٹ کرائے، اشیائے ضروریہ اور سروسز سیکٹر میں سہولیات مہنگی ہونے کا خدشہ ہے، ڈالر ریٹ میں کمی سے امپورٹڈ مہنگائی میں کمی آئی ،رپورٹ میں کہا گیاغیرقانونی کرنسی ایکسچینج ڈیلرز اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت ایکشن لیا گیا ، ایکسچینج ریٹ میں استحکام پیدا ہورہا ہے،عالمی سطح پر غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے، روس یوکرائن جنگ سے چاول اور چینی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
دوسری جانب قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ملک میں بے یقینی صورتحال روپے کی دوبارہ گراوٹ کا سبب بن سکتی ہے،17 اگست کو نگراں حکومت نے اقتدار سنبھالا تو معیشت کو شدید چیلنجز درپیش ،تاریخی مہنگائی تھی،اچھی خبر ہے مہنگائی کم ہونا شروع ہوگئی ۔
شمشاد اختر نے کہاسیلاب و یوکرین جنگ سے معیشت کو نقصان پہنچا ،2023میں 40 لاکھ لوگ غربت کا شکار ،بےروزگاری 10 فیصد تک جاپہنچی ، وزارت خزانہ کو معاشی بحالی کا پلان تیار کرنے اور شارٹ و میڈیم ٹرم اقدامات کرنے کی ذمے داری سونپ دی، آئندہ حکومت کےلئے بہتر معاشی اقدامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہاصوبوں کو اخراجات کم کرنے کی ہدایت کردی، آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کےلئے پر عزم ہیں، سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کے برابر ہوچکے ،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ذریعے سمگلنگ کےخلاف کارروائی کر رہے ہیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کو منافع واپس لےجانے کی منظوری دےدی۔
شمشاد اختر نے مزید کہابین الاقوامی مالیاتی فنڈ کےساتھ70کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کےلئے اقتصادی جائزہ اکتوبر کے آخر میں شروع ہوگا، پاکستان کو دوطرفہ ڈونرز سے 11 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے، چین سے بھی پاکستان کو فنانسنگ ملنے کی امید ہے،معیشت کی بحالی کےلئے سٹریٹجی تیاری کے حتمی مرحلے میں ہے،منظوری جلد وزیراعظم کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس میں دی جائے گی۔
مہنگائی بلند ترین سطح پر برقرار رہے گی،وزارت خزانہ نے خطرے کی گھنٹی بجادی



















