سنجرانی کے بھائی سرکاری گھر چھوڑنے کو تیار،الاٹمنٹ کیسے ہوئی؟،ہائیکورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)رازق سنجرانی الاٹ کیا گیا سرکاری گھر چھوڑنے کو تیار ، وکیل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کوآگاہ کر دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس کافیصلہ محفوظ کرلیا۔

رازق سنجرانی کی تعیناتی و گھر کی الاٹمنٹ کیسے ہوئی؟،عدالت نے وزارت ہاو¿سنگ، پٹرولیم،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے ریکارڈ طلب کر لیا،سماعت کے آغاز میں رازق سنجرانی کے وکیل نے عدالت کو بتایا رازق سنجرانی کو الاٹ کیا گیا گھر سرنڈر کر دیا۔

جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا اب گھر سرنڈر کرنے کا خیال کیسے آیا؟عدالت نے وزارت پٹرولیم ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن حکام سے سوال کیا آپ ریکارڈ ساتھ لائے ہیں؟ رازق سنجرانی کی تعیناتی کا ریکارڈ دکھائیں، کنٹریکٹ کیا ہے۔

وزارت پٹرولیم کے نمائندے نے عدالت کو بتایا آغاز حقوق بلوچستان کے تحت رازق سنجرانی کی تعیناتی ہوئی، کمپنی نے بعد میں رازق سنجرانی کو ریگولرائز کر دیا، جسٹس بابر ستار نے استفسار کیا رازق سنجرانی 2008 میں 3 سال کےلئے کمپنی کے ڈائریکٹر تعینات ہوئے؟ کوئی توسیع ہوئی؟ جو بھی ریکارڈ ہے جمع کرا دیں،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نمائندے نے بتایا وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سفارش پر رازق سنجرانی کی تعیناتی ہوئی۔

عدالت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسر کو حکم دیا رازق سنجرانی کی تعیناتی کی سمری پڑھیں، جو سمری بھیجی گئی اس پر وزیر اعظم اور کیا کرتا؟ 2008ءمیں 3 سال کی تعیناتی ہوئی اب تو 2023ءچل رہا ہے، اس لیے ریکارڈ منگوایا تھا معلوم ہو کس قانون کے تحت گھر ملا، وزارت ہاوسنگ کے حکام بتائیں سارا خرچہ کون دے رہا ہے؟وزارت ہاوسنگ کے نمائندے نے بتایا وزارت ہاوسنگ کمپنی کو 3 ماہ بعد ادائیگی کےلئے واوچر دیتی ہے۔

جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا سیکرٹری گھروں کےلئے دھکے کھا رہے ہیں اور آپ واوچر جاری کر رہے ہیں؟ عدالت دوسرا نوٹس جاری کر رہی ہے توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں گے، کیس سے نظر آ رہا ہے اندر اور کیا کچھ ہو رہا ہے، کمپنی ہے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وزیر کا کوئی تعلق نہیں، ریگولرائز ہو جانے کے باوجود بھی وہ کمپنی کا ملازم ہی رہے گا، معاملہ عدالت کے سامنے نہیں لیکن عدالت اپنی آنکھیں بند نہیں کر سکتی،رازق سنجرانی کے وکیل نے استدعا کی گھر خالی کرنے کےلئے کچھ مزید وقت دے دیا جائے،جسٹس بابر ستار نے کہا سمجھنے کی کوشش کریں، آپ کےلئے بہتر یہی ہو گاجلد از جلد گھر خالی کر دیں۔