کراچی (بیورورپورٹ)نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے حکومت مضبوط معیشت کےلئے ٹیکس نیٹ بڑھانے، توانائی شعبے کو درپیش مسائل کے حل کےلئے پرعزم ہے، معیشت کی خوشحالی کو یقینی بنانے کےلئے حکومتی ملکیتی اداروں کی شفافیت و گورننس میں بہتری ضروری ہے۔
وزارت خزانہ کے آفیشل ایکس اکاﺅنٹ سے جاری ٹوئٹ میں کہا گیا نگراں وزیر خزانہ سے کراچی میں پی بی سی کے وفد نے ملاقات کی ،وفد نے نگراں حکومت کی طرف سے سمگلنگ کی روک تھام، ایکسچینج کو درست سمت لانے و عالمی مالیاتی فنڈ کی معاونت کیلئے کی جانےوالی کاوشوں کوسراہا۔
دریں اثناگورنر سندھ کامران ٹیسوری سے نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی ملاقات ہوئی ،معاشی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے نگران حکومت کے اقدامات لائق تحسین ہیں، صنعتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ وزارتوں کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا ڈالر کا ریٹ نیچے آنے سے مختلف شعبوں میں بہتری آئے گی، سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور سہولت فراہمی کے موثر نتائج برآمد ہوں گے۔
وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے سرمایہ کاروں کو مراعات دی جا رہی ہیں، نگران حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہے، وفاقی حکومت و صنعتکاروں کے رابطے میں گورنر سندھ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہےں، شمشاد اختر



















