پورا کراچی جرائم سے پاک کرنے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن کاحکم

کراچی (بیورورپورٹ)پورا کراچی جرائم سے پاک کرنے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن شروع کریں،وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو حکم دےدیا۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ،کراچی پولیس چیف و ایڈیشنل آئی جی نے سٹریٹ کرائم پر بریفنگ دی۔

کراچی پولیس چیف نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا رواں سال شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کے 61098 کیسز رپورٹ ہوئے، سب سے زیادہ 17570 کیسز ضلع شرقی میں رپورٹ کیے گئے،قتل کیسز میں 329 اور اغوا برائے تاوان کے کیسز میں 62 ملزم گرفتار کیے ،بھتہ خوری کے کل 100 واقعات ہوئے ،86 ملزموں کو گرفتارکیاگیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کراچی پولیس چیف کے مطابق سٹریٹ کرائم کے واقعات میں ڈرگ مافیا و غیر قانونی تارکین وطن ملوث ہیں ،جرائم کی روک تھام سے زیادہ پولیس مظاہروں و دیگر ڈیوٹیز پر تعیناتی ہوتی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر نے کچی آبادی میں سٹریٹ کرمنلز کے خلاف آپریشن شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کراچی پولیس چیف کو حکم دیا پورے شہر کوسٹریٹ کرائم سے پاک کیا جائے ،تھانوں کی حالت بھی بہتر کریں،وزیراعلیٰ سندھ نے کہاگٹکا و دیگر نشہ آور اشیا کا کھلے عام ملنا افسوسناک ہے، پولیس فوری سخت اقدامات کرے،اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں سنیپ چیکنگ، ضمانت پر آزاد کرمنل کی نگرانی کرنے اور مفرور و روپوش افراد کےخلاف آپریشن کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ،نگران وزیراعلیٰ نے منظوری بھی دیدی۔