نیویارک (خواجہ فا روق)نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے بھارتی سکھ برادری کےلئے ویزا فری آمد کےلئے کرتارپور راہداری کھولنے سمیت پاکستان کی جانب سے کیے گئے مثبت و امن اقدامات کا جواب بھارت کی جانب سے ہمیشہ منفی انداز میں دیا گیا۔
ایشیا سوسائٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاپاکستان بھارت کےساتھ پرامن و باہمی تعاون پر مبنی ہمسایہ تعلقات کا خواہشمند ہے،مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات وسکیورٹی فورسز کے ہاتھوں معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید کشیدہ کر دیا ،بھارت میں مذہبی انتہا پسندی خاص طور پر مسلمانوں کےخلاف بدتر صورتحال نے حالات کو مزید بگاڑا۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا پیچیدہ ماحول میں ملکی انتخابات کےلئے بھارتی جارحیت اور پاکستان مخالف بیانیہ دونوں ممالک کو علاقائی امن و استحکام کے مقاصد سے مزید دور لے جا رہے ہیں ،مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پرامن تعمیری بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہاسرحد پار سے حملوں کے معاملے پر افغان انتظامیہ کےساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جب بھی حالات ٹھیک ہوں تو افغان مہاجرین اپنے ملک معاشی ترقی میں حصہ ڈالنے کےلئے واپس لوٹ جائیں، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان و داعش سے ہے ، تنظیمیں پاکستان کےخلاف حملوں کےلئے افغان سرزمین استعمال کر رہی ہیں۔
دریں اثنانگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان نیویارک میں ملاقات ہوئی ،دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلووں کےساتھ علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی اہم اہمیت پر زور دیا اور تمام شعبوں بالخصوص معیشت، تجارت، توانائی و سرمایہ کاری میں باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا،نگراں وزیر خارجہ نے سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کیلئے فراخدلانہ و غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ سے بھی ملے،مستحکم، پرامن، خوشحال اور منسلک افغانستان کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید برآںوزیر خارجہ نے فلسطین پر اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کمیٹی آف 6 کے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کےلئے ایسی قابل عمل، خود مختار اور متصل فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
امن کوششوں کا بھارت نے ہمیشہ منفی جواب دیا، وزیر خارجہ



















