پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس،ملک کو نقصان ہو مجھے ایسا اختیار نہیں چاہیے،چیف جسٹس


اسلام آباد(بیورورپورٹ)تاریخ رقم،پہلی بار سپریم کورٹ کی کارروائی براہ راست نشر،پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر طویل سماعت،25ستمبرتک تحریری دلائل طلب،عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دئیے اگر پارلیمنٹ نے چیف جسٹس کی بادشاہت ختم کی ہے توغلط کیا ہے؟چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ملک کو نقصان ہو مجھے ایسا اختیار نہیں چاہیے۔

سپریم کورٹ کے 15 ججز پر مشتمل فل کورٹ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر سماعت کی ،تاریخ میں پہلی بارسماعت کو براہ راست ٹی وی پر دکھایا گیا،وفاقی حکومت نے تحریری جواب جمع کراتے ہوئے موقف اپنایا پارلیمنٹ کے قانون کیخلاف درخواستیں ناقابل سماعت ہیں،استدعا ہے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف درخواستیں خارج کی جائیں،تحریری جواب میں کہا گیا پارلیمنٹ آرٹیکل 191 کے تحت قانون سازی کر سکتی ہے،آرٹیکل 191 پارلیمنٹ کو قانون بنانے سے نہیں روکتا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ سے عدلیہ کی آزادی متاثر نہیں ہوتی،ایکٹ کے تحت سپریم کورٹ کا کوئی اختیار واپس نہیں کیا گیا،میرٹ پر بھی پارلیمانی قانون کیخلاف درخواستیں نا قابل سماعت ہیں۔

سماعت شروع ہوئی تو وکیل درخواست گزار خواجہ طارق رحیم نے دلائل میں کہامیرے لیے قابل فخر ہے فل کورٹ کے سامنے پیش ہو رہا ہوں، امید ہے بار اور بنچ ملکر کام کریں گے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے تاخیر سے آنے پر معذرت خواہ ہوں، براہ راست کوریج کی اجازت دےدی ،کوریج میں خلل نہ آنے کیلئے کمیٹی بنادی، خواجہ طارق رحیم اپنے دلائل مختصر و جامع رکھیے گا کیونکہ بنچ میں کچھ ججز ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ کیس سن رہے ہیں۔

خواجہ طارق رحیم نے کہا فل کورٹ کی مکمل حمایت کرتا ہوں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ماضی کو بھول جائیں اب کی بات کریں، جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 5 میں اپیل کا حق دیا گیا اس پر کیا کہیں گے اگر فل کورٹ پر کیس کا فیصلہ کرلیا اور قانون درست قرار دےدیا تو اپیل کا حق کہاں جائے گا،وکیل درخواست گزار نے کہا میں معاملے پر دلائل دوں گا، چیف جسٹس نے کہا خواجہ صاحب، پورا قانون پڑھیں، قوم کا وقت بڑا قیمتی ہے، خواجہ طارق رحیم نے کہا 1980 کے رولز کا حوالہ دینا چاہتا ہوں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے عوام کے 57ہزار مقدمات انصاف کے منتظر ہیں، آپ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پڑھیں وہ الفاظ استعمال نہ کریں جو قانون میں موجود نہیں ،جسٹس طارق مسعود نے کہا آپ پہلے قانون پڑھ لیں ،بڑی مہربانی ہوگی ،جسٹس اعجازالاحسن نے کہا آپ کس رول کا حوالہ دے رہے ہیں،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا خواجہ صاحب آپ قانونی معروضات کی طرف آئیں جو ماضی میں ہوا کیا آپ سپورٹ کرتے ہیں، دوران سماعت جسٹس علی مظہر نے بھی سوال کیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے اگر ہر طرف سے سوال ہوگا تو آپ کو جواب دینے میں مشکل آئے گی، فوری طور پر سوال کا جواب نہ دیں، سوالات نوٹ کرلیں پھر جواب دیں جس طرح آپ چاہتے ہیں دلائل دیں،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 191کو پڑھیں، خواجہ طارق رحیم نے کہا عدالت کو ریگولیٹ کرنے کا اختیار فیڈرل لیجسلیٹو لسٹ شیڈول کے تحت سپریم کورٹ کا ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پہلے قانون پڑھیں پھر تشریح کریں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اختیارات سماعت اور اختیار کا ذکر قانون میں نہیں ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ کا اپنا اختیار ہے وہ اپنے اختیارات کو ریگولیٹ کرے، کیا آپ کہہ رہے ہیں 1980 کے رولز آئین سے متصادم ہیں،خواجہ طارق نے کہا 1980 کے رولز فل کورٹ نے بنائے تھے اور وہ رولز درست ہیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کیا آپ کہنا چاہتے ہیں آئین وقانون کو اس قانون نے غیر موثر کر دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے مستقبل کی بات نہ کریں ،اپنے دلائل کو حال تک محدود رکھیں، مستقبل میں اگر قانون سازی ہوئی تو آپ پھر چیلنج کر دیجیے گا، جسٹس منیب اختر نے کہا 3رکنی کمیٹی کو آرٹیکل 184کی شق 3 کے اختیار کی اجازت دینا کیا عدالتی اختیار ہے یا انتظامی ہے۔

جسٹس منیب اختر نے سوال اٹھایا اگر انتظامی اختیار ہے تو کیا پارلیمنٹ نے جوڈیشل اختیار ختم کرلیا ،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا سپریم کورٹ کا ایک فیصلہ ہے جس میں آرٹیکل 184کی شق کے استعمال کا طریقہ کار موجود ہے،فیصلے میں اصول طے کیا گیا کوئی بنچ آرٹیکل 184کی شق 3کے استعمال کےلئے چیف جسٹس کو معاملہ بھیج سکتا ہے،جسٹس منیب اختر نے کہا میرے چیف جسٹس نے کہا سوال لکھ لیں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون سے تو عدالتی اختیار کو ختم کر لیا گیا، پارلیمنٹ نے قانون بناکر جوڈیشل پاور کا راستہ بند کر دیا ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پبلک انٹرسٹ کی تعریف کیا ہے اور آپ کس کی طرف سے دلائل دے رہے ہیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کیا آپ کو ناقابل اجتناب چیف جسٹس کے اختیارات کے استعمال پر کوئی اعتراض نہیں،خواجہ طارق رحیم نے کہا پارلیمنٹ نے تو اختیار لے لیا، جسٹس مسرت ہلالی نے سوال کیا کیا آپ سمجھتے ہیں قانون سازی سے چیف جسٹس کے اختیارات کو ختم کردیا گیا ،ایڈووکیٹ طارق رحیم کے جواب پر چیف جسٹس نے دلچسپ مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ پھر جواب دینے بیٹھ گئے ،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا چیف جسٹس کے اختیارات کو واپس لیا گیا اور سپریم کورٹ کے اختیارات کو ختم کیا گیا ؟۔

جسٹس اطہر من اللہ نے پوچھا آپ متفق ہیں چیف جسٹس ماسٹر آف روسٹر ہیں،خواجہ طارق رحیم نے دلائل میں کہا کہہ رہا ہوں اختیار پارلیمنٹ استعمال نہیں کر سکتا،جسٹس منیب اختر نے کہا کیا آپ نہیں سمجھتے چیف جسٹس کے اختیارات کو آئینی ترمیم کے ذریعے ہی ریگولیٹ کیا جاسکتا ہے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہاکیا آپ کہنا چاہتے ہیں 17 ججز فل کورٹ کے ذریعے اختیارات کو ریگولیٹ کرسکتے ہیں لیکن پارلیمنٹ نہیں کرسکتی،خواجہ طارق رحیم نے جواباً کہا ایسا نہیں کہہ رہا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہاچیف جسٹس کا اختیار چھیڑنے سے عدلیہ کی آزادی کو خطرے کی کوئی بات نہیں، کیا چیف جسٹس کے لامحدود اختیارات عدلیہ کی آزادی ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اپنے ساتھی ججز سے درخواست کر رہا ہوں اور آپ مدد کےلئے آئے ہیں، اگر ہرطرف سے سوالات کی بمباری ہوگی تو کیس نہیں چل سکے گا، آپ اپنے طریقے سے دلائل دیں،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دئیے ہمارے پاس فوجی آمر کا قانون تھا، کیا فوجی آمر کا قانون درست ہے یا پارلیمنٹ کی کی گئی قانون سازی درست ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا پہلے صرف یہ بتا دیں پریکٹس اینڈ پروسیجر آئینی ہے یا غیر آئینی؟،خواجہ طارق رحیم نے کہا اپیل کا حق دینے کےلئے آئینی ترمیم کی ضرورت ہے اور پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون غیر آئینی ہے،جسٹس منیب اختر نے سوال کیا کیا پارلیمنٹ ایسی قانون سازی کرسکتی ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ دلائل دیتے ہوئے آگے بڑھیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا بیرونی جارحیت کے خطرات کو روکنے کےلئے عدلیہ کی خود مختاری کا تصور ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے نہیں چاہتے آپ ہر سوال کا جواب دیں اور ہم ایک دوسرے سے بحث کرنے نہیں آئے، ایک سیکشن اور پڑھ لیں۔

جسٹس منیب اختر نے کہا میرا ایک سوال اور ہے، کیا سپریم کورٹ کے انتظامی اختیارات پارلیمنٹ کو سونپنا اختیارات کی تقسیم کے تصور سے متصادم نہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کسی ایک آئینی آرٹیکل کا حوالہ نہیں دیا، خود سے ازخود نوٹس نہیں لیا، آپ خود عدلیہ کے دفاع کےلئے رونما ہوئے ہیں اور اچھی بات ہے آپ میرے حقوق کی بات کر رہے ہیں لیکن سوال کسی کے حقوق کا نہیں بلکہ آئینی سوال ہے، میرے دوست ججز کے سوالات بہت اچھے ہیں لیکن ابھی صرف سوالات نوٹ کرلیں،جسٹس مسرت ہلال نے کہا کیا قانون عوامی مفاد میں بنایا گیا اور کیا قانون ذاتی مفادات کے تحت ہے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کیا سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو قانون بنانے میں محدود کرسکتی ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ نے درخواست دی میں نے 10 سال سماعت نہیں کی، ٹیکس و عوامی بجٹ سے سپریم کورٹ چلتی ہے، ہم نے اوپر والے کو بھی جواب دینا ہے، آپ مکمل طور پر چیف جسٹس کو ناقابل اختیار بنانا چاہتے ہیں تو میں خوش ہوں،عدلیہ کی آزادی کی بنیاد پر کسی کا دروازہ بند نہیں کیا جاسکتا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاریکوڈک منصوبے کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 184 کی شق کے تحت اڑا دیا، ملک کو 6.5بلین ڈالرز کی ”ڈز“ لگی، میں اپنے لیے ایسا اختیار استعمال نہیں کرنا چاہوں گا، برائے مہربانی مجھے ایسا اختیار نہیں چاہیے، احتساب و شفافیت کو یقینی بنانا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر بل سے درخواست گزار چیف جسٹس کو احتساب سے بالاتر بنانا چاہتے ہیں، مجھے اپنے لئے ایسی پاور نہیں چاہئے، عوام کے ٹیکس پر چلنے والی عدالت کیا میری مرضی پر چلے گی؟۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہابعض قوانین مجھے پسند نہیں اس کا مطلب یہ نہیں وہ غلط ہیں، قانون اچھا بنائیں یا نہیں، پارلیمنٹ کی بے توقیری نہیں کریں گے، اتنا بڑا حملہ ہوتا تو سوموٹو لے چکے ہوتے،جسٹس عائشہ ملک نے کہا فل کورٹ کے فیصلے کےخلاف اپیل کہاں جائے گی ،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا 3رکنی کمیٹی نے طے کرنا ہے بنچ 5رکنی ہوگا یا بڑا ہوگا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا قانون نے چیف جسٹس کے اختیارات کو محدود کر دیا اس سے تو کسی کا بنیادی حق متاثر نہیں ہو رہا،متاثرہ فریق کو اپیل کا حق دیا گیا ، پارلیمنٹ نے چیف جسٹس کے اختیارات کو ریگولیٹ کرکے عدلیہ کی آزادی کو مزید تقویت دی،پارلیمنٹ نے چیف جسٹس کا اختیار 2 سینئر ججز کےساتھ بانٹا، باہر سے تو کوئی نہیں آیا،کونسا بنیادی حق متاثر ہوا؟، پارلیمنٹ کا اقدام تو عدلیہ کی آزادی کو مضبوط بنائے گا،سپریم کورٹ آئینی ادارہ ہے تو کیا پارلیمنٹ نہیں؟۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے پوری دنیا میں ماسٹر آف روسٹر چیف جسٹس نہیں ، پارلیمنٹ نے قانون بنا کر عدلیہ کو مضبوط کیا، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا سوال ہے پارلیمنٹ کو ایسی قانون سازی کا اختیار حاصل ہے،ایڈووکیٹ امتیاز علی نے کہا اختیار فل کورٹ میٹنگ کو حاصل ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا اپنی مرضی کے مقدمات سنیں تو پھر ٹھیک ہے؟ کیا غیر منتخب ججز پارلیمنٹ کی قانون سازی کا حق ختم کرسکتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے لگتا ہے اختیارات کو ریگولیٹ کرنے کے معاملے پر میرے ساتھی ججز میرے خلاف ہوگئے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہاغیر منتخب 15ججز پارلیمنٹ کو قانون سازی سے کیسے روک سکتے ہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا امتیاز صدیقی صاحب آپ سوالات لکھ کہاں رہے ہیں جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آئین کے تحت حلف اٹھا رکھا ہے، ملک میں کئی بار مارشل لا لگے، میں ان فیصلوں کو نہیں دیکھوں گا، 57ہزار مقدمات زیر التوا ہیں، مجھے آئین بتائیں فیصلہ نہ بتائیں، جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 191میں پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار حاصل ہے،وکیل امتیاز صدیقی نے دلائل میں کہا چیف جسٹس کے اختیارات کو تقسیم کیا جا رہا ہے، چیف جسٹس نے کہا مجھے کوئی اعتراض نہیں ،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کیا کسی فرد واحد کو لامحدود ناقابل احتساب اختیار دیا جاسکتا ہے، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے صرف یہ بتا دیں کونسا بنیادی حق متاثر ہوا ،وکیل امتیاز صدیقی نے کہا آئینی اختیارات میں مداخلت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے معاشرے میں ہر مرتبہ مارشل لا لگانے والے آمر کو 98.6فیصد ووٹ ملتے ہیں، قانون جانچنے کےلئے ریفرنڈم نہیں کرا سکتے، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا چیف جسٹس کے اختیارات کو ریگولیٹ کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کیسے ہے،وکیل امتیاز صدیقی نے کہا میری دلیل ہے قانون اچھا ہے لیکن طریقہ کار غلط اپنایا گیا، عدلیہ کو خود اختیارات کو ریگولیٹ کرنا چاہیے تھا،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے پارلیمنٹ کون ہوتی ہے جو بتائے کمیٹی 3رکنی ہی ہوگی، 5رکنی کمیٹی کیوں نہیں کرسکتی، کیا پارلیمنٹ فیملی کیسز سننے کےلئے 7رکنی بنچ تشکیل دینے کا قانون بنا سکتی ہے، سپریم کورٹ آئین کی محافظ ہے، پارلیمنٹ پک اینڈ چوز کیسے کرسکتی ہے،چیف جسٹس نے وکیل امتیاز صدیقی سے کہا آپ اپنی مرضی سے دلائل دیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے عدلیہ کی آزادی اندرونی آزادی بھی ہے، جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے دنیا کے دیگر ممالک میں بیلٹ کے ذریعے بنچ تشکیل دئیے جاتے ہیں، دنیا میں کہیں بھی چیف جسٹس کو بنچ بنانے کا حق نہیں،جسٹس طارق مسعود نے کہا تمام ججز سوالات بعد میں کریں گے، پہلے وکیل کو دلائل مکمل کرنے دیں، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا میرا سوال ہے پارلیمنٹ کو حق حاصل کیسے ہوا ،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا رولز ایکٹ سے بالاتر کیسے ہوسکتے ہیں؟۔

وکیل امتیاز صدیقی نے کہا سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے عدالتی رولز قانون سے بالاتر ہیں، عدالتی فیصلے کے مطابق آئینی روایات بھی آئین کا درجہ رکھتی ہیں، سپریم کورٹ رولز آئینی ادارے نے بنائے اس لیے قانون سے بالا قرار دئیے گئے،جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کیا پارلیمان آئینی ادارہ نہیں ، چیف جسٹس نے کہا جس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں نہیں لکھا رولز قانون سے بالاتر ہیں،وکیل امتیاز صدیقی نے کہا پورا فیصلہ پڑھ دیتا ہوں واضح ہوجائے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے پورے فیصلے کا کہہ کر ڈرائیں نہ، نشاندہی کریں پڑھ لیں گے، آپ کی دلیل سے متفق ہوتے ہوئے بھی درخواست خارج کر سکتا ہوں جس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں وہ آپ کے حق میں نہیں جاتا، وقت بچانے کےلئے اگر پہلے اٹارنی جنرل کو سن لیں انہوں نے ملک سے باہر جانا ہے، چیف جسٹس نے امتیاز صدیقی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو دوبارہ بھی دلائل کا موقع دیں گے،اٹارنی جنرل منصور عثمان نے کہا سندھ طاس معاہدہ کیس کےلئے ویانا جانا ہے، اپنی تحریری معروضات پیش کر چکا ہوں آدھے گھنٹے میں دلائل ختم کروں گا، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کوشش ہوگی اٹارنی جنرل سے سوالات نہ پوچھیں تاکہ بیرون ملک جا سکیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت میں 3 بجے تک کا وقفہ کیا، وقفے کے بعد اٹارنی جنرل منصور عثمان نے دلائل دیتے ہوئے کہاپریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ادارے میں شفافیت لایا، قانون خود عوام کے اہم مسائل حل کرنے کےلئے ہے، قانون کے ذریعے سارے اختیارات عدالت کے اندر ہی رکھے گئے،درست ہے عدلیہ کی آزادی ہر شہری سے متعلقہ ہے۔

اٹارنی جنرل نے ایکٹ 1935، 1956 اور 1962 کے آئین کا حوالہ دیا،منصور عثمان نے کہا 1926 کا آئین سپریم کورٹ رولز کو صدر کی پیشگی اجازت سے مشروط کرتا ہے ،1973 کے آئین میں عدلیہ کو اس لیے آزاد بنایا گیا ، کسی اور ادارے کو پریکٹس اینڈ پروسیجر کے قانون میں ترمیم کا اختیار نہیں دیا گیا، قانون صرف سپریم کورٹ کےلئے ہے، قانون کےخلاف دائر درخواستیں قابل سماعت ہی نہیں،اٹارنی جنرل نے دلائل میں بھارت، بنگلہ دیش ، امریکہ سمیت مختلف ممالک کا حوالہ دیتے ہوئے کہادنیا کے کئی ممالک میں عدلیہ کے اختیارات پرقانون بنانے کا اختیار حکومت کے پاس ہے، ایکٹ آف پارلیمنٹ و قانون میں کوئی فرق نہیں، پارلیمنٹ نے شفافیت لانے کےلئے پریکٹس اینڈ پرویسجر قانون بنایا۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا عوامی اہمیت کی حد تک دونوں فریقین متفق ہیں، چیف جسٹس نے کہا میری رائے میں ساتھی جج ٹھیک کہہ رہے ہیں، آرٹیکل 184 کی شق کے تحت اختیارات ہائیکورٹ سے کم ہیں، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کیا قانون سازی کےخلاف دائر کی گئی درخواست بنیادی حقوق کے نفاذ کےلئے دائر کی گئی ،اٹارنی جنرل نے کہا کیس یہ نہیں بنیادی حقوق کے نفاذ میں خلل ڈالا ،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا قانون انصاف کی فراہمی کےلئے اچھا ہے، کیا پارلیمنٹ ایسی قانون سازی کرسکتی ہے؟۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے قانون غیر آئینی ہوسکتا ہے لیکن کیا ہم آرٹیکل 184کی شق 3 کے تحت کیس سن سکتے ہیں، پاکستان میں اور بھی غیر آئینی کام ہوتے ہیں،اٹارنی جنرل نے کہا پارلیمنٹ کو قانون سازی کا اختیار ہے یا نہیں طے کرنا ہائیکورٹ کا اختیار ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اگر فیصلہ آئے تو کون متاثرہ فریق ہوگا جو اپیل دائر کرے گا، آرٹیکل 184کی شق 3وکلا،اشرافیہ نہیں بلکہ معاشرے کےلئے ہے، مزدوروں، خواجہ سراوں اور غریبوں کے حقوق کےلئے ہے، قانون کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں، سوال ہے قانون سے متاثر کون ہو رہا ہے، آپ معاونت کےلئے آئے ہیں، ہم آپ کی معاونت کےلئے نہیں بیٹھے،جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دئیے آرٹیکل 185 میں اپیل کا حق لیا گیا، کیا عام قانون کے ذریعے اپیل کا حق دیا جاسکتا ہے جبکہ آئین میں اپیل نہ ہو،چیف جسٹس نے کہا آپ سوال نوٹ کرلیں جو آبزرویشن دی جا رہی ہیں میں خود کو ان سے الگ کرتا ہوں جو آبزرویشنز دی جا رہی ہیں وہ آبزرویشنز نہیں اسٹیٹمنٹس ہیں، آپ مہربانی فرمائیں آگے چلیں،فیصلہ بھی لکھنا ہے، آئین میں انتظامی سطح پر فل کورٹ میٹنگ کا ذکر ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے 2019 میں 40 ہزار کیسز تھے، 2019 میں فل کورٹ میٹنگ ہوئی اور 4 سال بعد دوبارہ میٹنگ ہوئی، انصاف کی فراہمی کےلئے عوام سے تنخواہ لیتے ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا سپریم کورٹ کو ریگولیٹ کرنے کےلئے 1980 کے رولز آرٹیکل 191 کے معیار پر پورا ہی نہیں اترتے،چیف جسٹس نے کہا کوئی کہتا ہے میں بلاتا ہی نہیں فل کورٹ میٹنگ تو کیا کریں؟، اگر ایسا نہیں کرنا تو پھر ریاست سے تنخواہ نہ لیں، آپ بھی ادھر ادھر کھسک رہے ہیں نکتے پر نہیں آرہے، کیس اگلے مہینے تک چلا کر نظام کو تباہ کرنا ہے تو جاری رکھیں، کیا 6.5ارب ڈالرز کے ریکوڈک کا فیصلہ اچھا تھا، امریکہ کے فیصلوں کو مثال کے طور پر پیش کرنا پسند کرتے ہیں، مثال کیوں نہیں دیتے امریکی سپریم کورٹ نے اپنے صدر کو 20منٹس دئیے تھے، صبح سے اب تک 150 نئے کیسز دائر ہو چکے ہوں گے، ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھے ہیں، لوگ جیلوں میں مر رہے ہیں اور مجھے افسوس ہو رہا ہے، غریب لوگوں کی جیبوں سے تنخواہ لیتے ہیں، سپریم کورٹ قانون سے بالا کہاں لکھا ہے؟۔

جسٹس منیب اختر نے کہا میں لیکچر نہیں دے رہا لیکن سوال کر رہا ہوں، کیا پارلیمنٹ ایسی قانون سازی نہیں کرسکتی، جسٹس عائشہ ملک نے کہا اگر کمیٹی فیصلہ کرے تو فیصلے کےخلاف متاثرہ فریق کو اپیل کا حق ہوگا،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے 184کی شق 3کے تحت آئینی سوال پر رجسٹرار اعتراض عائد کیا جاتا ہے، رجسٹرار آفس کے اعتراض کےخلاف اپیل ایک جج چیمبر میں سنتا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون سے مزید اصول طے کیے گئے ، ادھار پیسے نہیں مل رہے، آرٹیکل 184کی شق 3کے تحت آئینی درخواست دی جاتی ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا 3رکنی کمیٹی کے فیصلے کےخلاف رولز میں ترمیم کرکے اپیل کی جا سکتی ہے، ایک کام جو ہم نے نہیں کیا وہ کام پارلیمنٹ نے کر دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا آئینی ترمیم کے بغیر اپیل کا حق کیسے دیا جاسکتا ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تمام فریقین کو 25 ستمبر تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لاہور سے ویڈیو لنک پر حاضر وکلا کو آئندہ سماعت پر اسلام آباد آنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاچاہا تھاکیس کی سماعت مکمل کریں مگر ممکن نہیں ہوا،وقفے میں اپنے 2 سینئر ججز سے مشاورت کی،آئندہ سماعت تک کیلئے بینچز کی تشکیل کا راستہ نکال لیا، کیس کے فیصلے تک بنچ چیف جسٹس 2 سینئر ججز کی مشاورت سے ہی تشکیل دیں گے، کھلی عدالت میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس اعجازالاحسن سے پوچھا آپ کو کوئی اعتراض تو نہیں ،دونوں نے کہا کوئی اعتراض نہیں ،آئندہ بنچز کی تشکیل دونوں ججز کی مشاورت کے بعد ہوگی۔

دریں اثنا سماعت سے قبل چیف جسٹس کی زیر صدارت فل کورٹ میٹنگ ہوئی ،4 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں زیر التوا مقدمات، ترجیحی بنیادوں پر سماعت والے کیسز، عدالتی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ اور کیسز کی سماعتوں کو موثر بنانے کےلئے گائیڈ لائنز کا جائزہ لیا گیا،فل کورٹ اجلاس میں پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کی لائیو سٹریمنگ کی اجازت دی گئی ،ملکی و غیر ملکی میڈیا نمائندگان کی بھی بڑی تعداد سپریم کورٹ میں موجود رہی۔