پرویزالٰہی رہائی کے بعد12 ویں مرتبہ گرفتار،راہداری ریمانڈ منظور

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد12 ویں مرتبہ گرفتار،عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

ینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الٰہی کو لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں اڈیالہ جیل سے رہاہوتے ہی گرفتار کیا،وکیل سردار عبدالرازق نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ابھی ایک کیس میں رہائی نہیں ملی تھی دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔

وکیل عبدالرازق نے کہا پرویزالٰہی کسی طرح کی پریس کانفرنس کرنے کےلئے تیار نہیں۔

دریں اثنا راہداری ریمانڈ کےلئے پرویز الٰہی کو جوڈیشل کمپلیکس لےجایا گیا ،ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظورکرکے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

ادھر اینٹی کرپشن کے مطابق پرویز الٰہی نے لاہور ماسٹر پلان منصوبہ میں مالی فوائد کیلئے جعلسازی کی،پلان میں ردوبدل کرکے اپنی زمینیں لاہور میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی،ترجمان کے مطابق ماسٹر پلان میں ردوبدل کیلئے کنسلٹنٹ فرم کی جعلی مہریں ،مونوگرام استعمال ہوا،پرویز الٰہی نے دارلہندسہ،کنسلٹنٹ کی طرف سے جمع کرائے گئے لاہور ماسٹر پلان میں جعلسازی کی،کنسلٹنٹ کے ترتیب دئیے گئے ماسٹر پلان میں جعلی کاغذات کا اضافہ کیا گیا، زرعی زمین کو کمرشل و رہائشی میں تبدیل کرکے اربوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی گئی۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے مزید کہاپرویز الٰہی نے مالی مفاد کےلئے عہدے و دفتر کا ناجائز استعمال کیا،اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے متعلقہ افسروں سے منصوبے کی منظوری کرائی،پرویز الٰہی کےخلاف لاہور ماسٹر پلان میں جعلسازی پر اینٹی کرپشن لاہور میں مقدمہ درج ہے،لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں ملوث تمام ملزموں کو گرفتار کیا جائے گا،اینٹی کرپشن کرپٹ و بدعنوان عناصر کےخلاف بلاامتیاز کاروائیاں کر رہا ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری پر آئی جی پولیس کےخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی گئی،اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے توہین عدالت درخواست خارج کرنے کا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا پرویز الٰہی کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے نظربندی احکامات پر یکم ستمبر کو گرفتار کیا گیا، ہائی کورٹ نے 5 ستمبر کو نظر بندی آرڈر معطل کر کے فوری رہائی کا حکم دیا،رہائی کے احکامات کی کاپی متعلقہ اداروں کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے مطابق عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے رہا کردیا گیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہاوکیل کے مطابق پٹیشنر کو پولیس لائنز کے گیٹ سے سی ٹی ڈی حکام نے دوبارہ گرفتار کیا، وکیل کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی میں گرفتاری عمل میں آئی،لاہور ہائیکورٹ اسلام آباد پولیس و انتظامیہ کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرچکی ، پرویز الٰہی کے وکیل مطمئن نہیں کرسکے عدالتی آرڈر کی خلاف ورزی کیسے ہوئی؟ توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کی جاتی ہے۔