نیویارک میں منیر اکرم کی ایک اور ”خانہ پری“ پریس بریفنگ

نیویارک (بیورو رپورٹ) سینئر صحافی پھر نظرانداز، اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم کی ایک اور ”خانہ پری“ پریس بریفنگ، حسب روایت صرف من پسند 5 بندے مدعو، سینئر صحافیوں کا شدید احتجاج، نگران وزیراعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس میں آمد کے موقع پر یو این کے باہر مظاہرے کا اعلان کردیا۔

امریکہ میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی ”خانہ پری“ پریس بریفنگ کا سلسلہ نہ رک سکا۔ اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے حسب روایت پاکستانی قونصلیٹ میں صرف مند پسند صحافیوں کو مدعو کرکے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پریس بریفنگ میں ماضی کی طرح ایک بار پھر سینئر صحافیوں کو نظرانداز کیا گیا۔ پریس قونصلر امانت علی کی تمام صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی کوششیں بھی رائیگاں ہوگئیں۔

امانت علی نے چارج سنبھالتے ہی تفریق ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن وعدہ وفا نہ ہوسکا۔ پریس قونصلر امانت علی نے تمام کوششوں میں ناکامی کے بعد ہاتھ کھڑے کردئیے اور صحافیوں کے فون سننا تک گوارہ نہ کیا۔

سینئر صحافیوں فورتھ پلر کے چیئرمین فاروق مرزا، روزنامہ ”مشرق“ ومررکے بیورو چیف خواجہ فاروق، زاہد شہباز و دیگر نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی آمد کے موقع پر یو این کے باہر احتجاجی مظاہرہ کریں گے جو فاروق مرزا کی قیادت میں ہوگا۔

سینئر صحافیوں نے کہا کہ امریکہ میں تعینات سفارتکار صرف اور صرف اپنے مفادات کیلئے کام کررہے ہیں۔ اہم تقاریب، پریس بریفنگ میں من پسند صحافیوں کو بلانے کا مقصد صرف اور صرف اپنی نااہلی چھپانا ہے، کچھ بھی ہوجائے قلم کی طاقت سے حق و سچ لکھتے رہیں گے اور سفارتکاروں کی نااہلی ہر سطح پر بے نقاب کریں گے۔