لاہور (اپنے نمائندے سے) محکمہ اوقاف کے شعبہ سٹیٹ کے متعلقہ عملے کی قبضہ مافیا سے ملی بھگت سے اربوں روپے کے پراپرٹی ریکارڈ کو جلانے کی کوشش، بروقت کارروائی سے ریکارڈ مکمل جلنے سے بچ گیا، کچھ فائلیں جل گئیں تاحال کسی کو معطل نہیں کیا، انکوائری کے نام پر معاملہ دبایا جانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق شعبہ اسسٹنٹ میں محکمے کی پنجاب بھر کی وقف پراپرٹی کا ریکارڈ موجود ہے، اسکو محفوظ بنانے کیلئے الماریاں بنائی گئی ہیں تاکہ ریکارڈ کو محفوظ رکھا جاسکے گزشتہ روز بجلی چلی گئی۔ ذرائع کے مطابق رات 9 بجے تک بجلی آگئی۔ صبح سیکورٹی گارڈ نے صبح دفتر کا تالہ کھولا تو آگ لگی ہوئی تھی جس کو بروقت بجھا دیا گیا لیکن اس وقت کچھ پراپرٹی فائلیں جل چکی تھیں جس کو چھپایا جارہا ہے۔ ضلع چکوال ، پاکپتن اور ملتان کے ریکارڈ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ یہ ریکارڈ اسسٹنٹ ڈائریکٹر شہباز کے پاس ہے جبکہ اسکے ساتھ ریکارڈ کیپر جمیل کام کرتا ہے دونوں کا تعلق ایک ہی علاقے شکر گڑھ سے۔ ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ شہباز کا سابقہ ٹریک ریکارڈ صحیح نہیں ہے، اسکے خلاف درخواستیں زیر التوا ہیں پاکپتن میں بھی اس نے کرپشن کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ریکارڈ کو اگ بجلی کے چولہے سے لگی ہے جو ریکارڑ والے کمرے میں موجود تھا، متعلقہ عملہ ریکارڈ روم میں چائے بنانے کیلئے رکھا ہوا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریکارڈ کیپر جمیل نے نااہلی کی وجہ سے ریکارڈ کو اگ لگی ہے جمیل نے ریکارڈ کو الماری میں رکھنے کی بجائے اہم علاقوں کی فائلیں فرش پر رکھ دیں جس کی وجہ سے آگ لگی اگر ریکارڈ الماری میں ہوتا تو شائد ریکارڈ آ گ سے محفوظ رہتا۔ اعلیٰ انتظامیہ نے معاملے کو دبانے کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ون کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے جس نے تاحال کوئی رپورٹ نہیں دی۔ ترجمان اوقاف کا کہنا ہے کہ معاملہ کی انکوائری کی جا رہی ہے، رپورٹ کے بعد اس معاملہ پر کارروائی کی جائےگی۔
محکمہ اوقاف شعبہ سٹیٹ عملہ کی قبضہ مافیا سے ملی بھگت ،اربوں کا پراپرٹی ریکارڈ جلانے کی کوشش



















