کچے میں پولیس اور رینجرز کا آرمی کیساتھ ملکر آپریشن کا فیصلہ

کراچی (مشرق نیوز) سندھ کابینہ نے کچے میں پولیس، رینجرز اور فوج کیساتھ ملکر آپریشن کا فیصلہ کر لیا۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم، آئی جی پولیس رفعت مختار، پرنسپل سیکرٹری حسن نقوی، ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

انسپکٹر جنرل پولیس نے امن وامان سے متعلق صوبے بھر کی صورتحال پر سندھ کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال 2023میں 218 لوگ اغوا ہوئے، جن میں سے 207 مغوی بازیاب ہوئے، 11 لوگ ابھی تک یرغمال ہیں۔ دوران بریفنگ آئی جی سندھ نے کہا کہ 11 میں سے 3 لوگ شہید بینظیر آباد، 7 لاڑکانہ اور ایک سکھر سے اغوا ہوئے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ مغویوں کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور کچے میں انٹرنیٹ کی سہولت ختم کی جائے۔ جسٹس (ر) مقبول باقر کو بتایا گیا کہ کچے کی کل 4 لاکھ آبادی ہے، کچے میں 238 دیہات ہیں، 8 پولیس سٹیشن اور 20 چیک پوسٹ ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گھوٹکی،کندھ کوٹ پل پر کام شروع کیا جائے، پل بن جائے تو علاقہ کھل جائے گا اور امن و امان بہتر ہوجائیگا۔ سندھ کابینہ نے کچے میں پولیس اور رینجرز کا آرمی کے ساتھ ملکر آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔