بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ٹرانسمیشن لائنز ،گرڈ سٹیشنوں کی مرمت کی جائے :منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی

لاہور (خبرنگار) منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ(این ٹی ڈی سی) انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے ایسٹ مینجمنٹ (نارتھ) کے انجینئرز کو ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ سٹیشنز کی مینٹی ننس کا منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جس کا مقصد ترسیلی نظام کے استحکام کو بڑھانا اور موسم سرما اور خراب موسمی حالات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے اس بات پر زور دیا کہ انسولیٹرز کی واشنگ اور تبدیلی سمیت دیگر دیکھ بھال کے کام دھنداور موسم سرما شروع ہونے سے پہلے مکمل کرلئے جائیں۔ وہ واپڈا ہاو¿س میں ایسٹ مینجمنٹ نارتھ این ٹی ڈی سی کے انجینئرز کی ایک بڑی تعداد سے خطاب کر رہے تھے۔ اسکے علاوہ، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے ٹرانسمیشن لائن مانیٹرنگ سسٹم ایپلی کیشن کا افتتاح کیا اور پرانی ٹرانسمیشن لائنز کی فوری نگرانی شروع کرنے کے ساتھ ساتھ انکی بحالی کیلئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان کو مختلف اہداف پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا جن میں کواڈ کاپٹرز/ڈرونز کے ذریعے ٹرانسمیشن لائنز کی نگرانی کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ، ڈیجیٹلائزیشن آف یوٹیلٹیز، سب سٹیشن آٹومیشن، ٹرانسمیشن لائن مانیٹرنگ سسٹم اور ٹرانسفارمرز میں تحلیل شدہ گیس کا تجزیہ کرنے کے پراجیکٹس شامل ہیں۔ انہوں نے تحلیل شدہ گیس کے تجزیوں کو مذکورہ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر متعلقہ ٹیموں کی تعریف کی اورملک بھر میں این ٹی ڈی سی کی تنصیبات پر یہ تجزیہ شروع کرنے کی ہدایت کی جس سے اخراجات میں نمایاں بچت ہوگی۔ ٹرانسمیشن لائنز کی آن لائن مانیٹرنگ کو مزید وسعت دینے کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر نے تین اضافی کواڈ کاپٹرز کی خریداری اور گرڈ سٹیشنز کےلئے تھرمو ویژن مانیٹرنگ شروع کرنے کی ہدایت کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے آئندہ ہفتوں میں فیصل آباد، روات اور جامشورو میں لائیو لائن ٹریننگ منعقد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے 500 کے وی نیو لاہور اور گجرات گرڈ سٹیشنز کے ساتھ ساتھ ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹرلاہور میں سب سٹیشن آٹومیشن پروگرام کی تربیت شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے کام کریں تاکہ بجلی کی بلاتعطل ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے اور سسٹم کی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (اے ڈی اینڈ ایم)، جنرل منیجرز، چیف انجینئر، منیجرز اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔