لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید/ عکاسی: واحد شہزاد) یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا بازار سے بھی مہنگی فروخت ہونے لگیں، 1320 روپے میں ملنے والا آٹے کا تھیلا یوٹیلیٹی سٹورز پر 1420 میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے یوٹیلیٹی سٹوروں پر عوام کو سستی اشیاءفراہم کرنے کی بجائے گلی محلے میں موجود پرچون فروشوں سے بھی زیادہ مہنگی کر دی ہیں۔ بازار میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1320 روپے میں دستیاب ہے، وہ یوٹیلیٹی سٹورز پر 1420 کا فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح درجہ دوئم گھی بازار میں 400 روپے کلو تک دستیاب ہے مگر یوٹیلیٹی سٹورز پر 455 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ دالیں بالکل بھی دستیاب نہیں ہیں جس کے بارے میں یوٹیلیٹی سٹور منیجر کا موقف ہے کہ دالوں کیلئے وفاقی حکومت نے ابھی تک ٹینڈر نہیں دیا، اس پر پر سٹور پر خریداری کرنے آنیوالے علی ٹاﺅن کے رہائشی رانا یعقوب نے کہا کہ سٹور پر صرف سستی چینی 145 روپے کلو دستیاب ہے، تاہم 3 کلو کے پیکٹ کے ساتھ دوسرا سامان بھی خریدنا لازمی ہے جس کے بعد بات اور قیمت بازار ہی کی آجاتی ہے۔ سلطان ٹاﺅن کے رہائشی جاوید اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صرف آئی پی پیز کو پیمنٹ دینے کی فکر ہے، انکا عوام سے کو تعلق نہیں،سفید پوش طبقہ زندہ درگور ہو چکا ہے۔ ٹھوکر نیاز بیگ کی رہائشی خاتون صبا اکبر نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی بازار سے بھی مہنگا ہے، ایک چیز کو ہاتھ لگائیں تو وہ کہتے ہیں کہ 10 چیزیں اور خریدو،لیکن ہم نے تو اپنے بجٹ کے مطابق خریداری کرنا ہوتی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاءبازار سے زیادہ مہنگی، سفید پوش طبقہ زندہ درگور، حکمرانوں کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ،مشرق سے دہائی



















