ساہیوال (بےورو رپورٹ) ساہیوال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج ساہیوال میں میٹرک امتحان 2023 کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کمشنر/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر)سید انوار الحسن کرمانی،سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر رابعہ اختر،کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت، ڈائریکٹر کالجز مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈائیریکٹر سپورٹس فیاض سلیمی، ثوبیہ رزاق اور مبشر اعظم سمیت والدین،اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے پوزیش ہولڈرز 16 طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس اور کتابیں تقسیم کیں اور اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس کامیابی پر انکے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے حقدار ہیں جن کی بدولت آج وہ اس مقام پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بچے پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہوں نے ہی بڑے ہوکر ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ نہ صرف اپنے اور اپنے والدین کیلئے محنت کریں بلکہ پاکستانی ہونے کے ناطے پاکستان اور پاکستانی سوسائٹی کیلئے بھی محنت کریں اور معاشرے کا کارآمد شہری بنیں۔کمشنر شعیب اقبال سید نے والدین کو بچوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت نے بتایا کہ ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام دسویں کے امتحانات میں 64059طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن میں سے50455طلبہ و طالبات نے امتحان پاس کیا اور اس طرح کامیابی کا تناسب 78.76فیصد رہا۔
بچوں کی تعلیم میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا: کمشنرساہیوال



















