ڈالر کے تبادلے اور انٹربینک ریٹ میں شفافیت کو فروغ دیا جائےگا:آرمی چیف

لاہور (مشرق نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے ملاقات میں تاجر برادری کو ڈالر کے تبادلے اور انٹربینک ریٹ میں شفافیت کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آرمی چیف نے لاہور کور ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک اجلاس میں تاجر برادری سے ملاقات میں کہا کہ منی ایکسچینج کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائےگا، ڈالر کے تبادلے اور انٹربینک ریٹ میں شفافیت کو فروغ دیا جائےگا۔

آرمی چیف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور دیگر ممالک سے 100 ارب ڈالر تک کی خاطر خواہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی صلاحیت پر زور دیا۔ انہوں نے اقتصادی فیصلہ سازی کو تقویت دینے ، اقتصادی معاملات اور مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ٹاسک فورسز کی تشکیل کا انکشاف کیا۔

ترجمان لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کے مطابق صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کاروباری برادری کے ہمراہ آرمی چیف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی اقتصادی راہداری پر اہم بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی موجود تھے۔ کاشف انور نے ٹاسک فورس کے ایجنڈے میں بزنس کمیونٹی کے نقطہ نظر کو شامل کرنے کیلئے تمام چیمبرز کے ساتھ فعال شمولیت کی سفارش کی۔

عوام کو درپیش اہم مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کاشف انور نے بجلی کے بلوں پر انکم اور سیلز ٹیکس کی شرح میں کمی کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ عوام بجلی پر زیادہ ٹیکس کے بوجھ سے دوچار ہے جس سے روزمرہ کی زندگی، کاروبار اور عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔ مزید برآں کاشف انور نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کیلئے ایک عملی نقطہ نظر متعارف کرایا، موسم سرما کے مہینوں میں جب بجلی کی کھپت کم ہوتی ہے، صارفین پر مالی دباو کو کم کرنے کیلئے ان کی وصولی سردیوں میں کی جائے۔

پاکستان کے معاشی منظر نامے میں شرح مبادلہ کے اہم کردار پر بات کرتے ہوئے کاشف انور نے انٹربینک اور اوپن مارکیٹ دونوں میں امریکی ڈالر کی قیمتوں پر زیادہ سے زیادہ کنٹرول کرنے پر زور دیا۔ جنرل عاصم منیر نے مثبت جواب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ منی ایکسچینج کو ٹیکس کے دائرے میں لایا جائیگا، ڈالر کے تبادلے اور انٹربینک ریٹس میں شفافیت کو فروغ دیا جائیگا۔