پریکٹس پروسیجر ایکٹ عدلیہ پرحملہ،آزادی کی بنیادیں ہلا دی گئیں،چیف جسٹس

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ہیں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے ذریعے عدلیہ پر حملہ کیا گیا ،آزادی کی بنیادیں ہلا دی گئیں،اپیل کا دائرہ بڑھا کر مداخلت کی کوشش کی گئی ۔

سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے نیب ترامیم کیخلاف کیس پر سماعت کی،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہامیرے ساتھی جج نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کا حوالہ دیا، آپ کو شاید معلوم نہ ہو اٹارنی جنرل نے پریکٹس اینڈ پروسیجر اور ریویو آف ججمنٹ قانون میں مطابقت کی بات کی، یکم جون 2023کو اٹارنی جنرل نے عدالت سے مزید وقت مانگا، 8جون کو اٹارنی جنرل نے کہا بجٹ سیشن کے بعد پارلیمنٹ سے قانون میں درستگی کریں گے۔

چیف جسٹس نے کہا مجھے علم نہیں اب حکومت کا کیا موقف ہے، کیا کسی معطل شدہ قانون کی روشنی میں تمام مقدمات پر سماعت روک دیں، دوسرا حل ہے عدالت اپنا کام جاری رکھے اور پارلیمنٹ طے کرے، احترام کیساتھ کہنا چاہتا ہوں محض تاثر ہے قانون موجود ہے اگر قانون موجود ہے تو پھر ترمیم کی بات کیوں کی گئی۔

وکیل مخدوم علی خان نے استدعا کی عدالت کوئی بھی قانون کالعدم قرار دینے سے قبل انتہائی احتیاط کرے، جب تک کسی قانون میں نظرثانی نہ ہو وہ قانون برقرار رہتا ہے،چیف جسٹس نے کہا کسی قانون کو کالعدم قرار نہیں دے رہے، قانون کے ذریعے آئین کی خلاف ورزی کی گئی اور پہلی بار سپریم کورٹ کے انتظامی امور میں مداخلت کی گئی وہ ریمیڈی دی گئی جو آئین میں موجود ہی نہیں، درخواست دیں آپ کو پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کیس میں سنیں گے، کیا سپریم کورٹ اپنا کام بند کر دے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا چاہتے ہیں قانون میں ایسی ترامیم کی جائیں کہ آئین سے مطابقت نظر آئے،یکم و 8 جون کا فیصلہ اس لیے سنایا حکومت نے خود تسلیم کیا ناقص قانون سازی کی گئی، عدالتی حکم سے معطل شدہ قانون سازی کے تحت کارروائی متاثرتو نہیں کی جا سکتی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہامیرا سوال ہے کیا حکم امتناع کی موجودگی میں کیس کی سماعت ہونی چاہیے یا فل کورٹ تشکیل دیا جائے،چیف جسٹس نے کہا پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے ذریعے عدلیہ کی آزادی پر حملہ کیا گیا، قانون سازی سے آزادی کی بنیادیں ہلا دی گئیں ،اس لیے حکم امتناع دیا، آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا میری رائے میں سوال سپریم کورٹ کے 8رکنی بنچ کے سامنے ہے، چیف جسٹس سے گزارش کرتا ہوں نیب ترامیم سے پہلے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا فیصلہ دیا جائے یا پھر سپریم کورٹ نیب ترامیم پر فل کورٹ تشکیل دے،پی ٹی آئی وکیل خواجہ حارث نے نکتہ اٹھایا سپریم کورٹ کا 5رکنی بنچ فیصلہ دے چکا بنچ تشکیل دینے کا اختیار چیف جسٹس کا ہے۔

چیف جسٹس نے نیب ترامیم پر ریمارکس دئیے پی ٹی آئی وکیل کے تحریری جواب سے اختیارات کے امین ہونے کا تاثر ملا انہوں نے خیانت کو اپنے دلائل کا مرکزی نکتہ بنایا،مو¿قف ہے نیب ترامیم سے کچھ لوگوں کو خصوصی رعایت دی گئی،نیب ترامیم سے قانون کی کچھ شقیں ہی ختم کر دی گئیں۔

وکیل مخدوم علی خان نے دلائل دئیے کسی ملک کا کوئی ایسا فیصلہ نہیں ملا جس میں کوئی قانون صرف اس بنیاد پر کالعدم قرار دیا گیا ہو سزا میں کمی کی گئی تھی اگر نیب کسی کو حراست میں رکھے، ریفرنس دائر نہ کرے یا 90 روز تک ملزم کی ضمانت نہ ہو اس سے اختیارات کے امانت دار کی توثیق کیسے ہوتی ہے؟جسٹس منصور علی شاہ نے کہا قانون میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے ،امانت کہاں سے آگئی؟ پارلیمنٹ قانون ختم بھی کر سکتی ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث سے مکالمہ کیا گڈ ٹو سی یو اور ساتھ ہی کہا امید ہے ایسا کہنے پر مجھے نشانہ نہیں بنایا جائے گا،حکومت سپریم کورٹ کے دائرہ کار میں مداخلت کیسے کرسکتی ہے؟ اگر حکومت سمجھتی ہے قانون کو بہتر یا دوبارہ دیکھا جائے تو عدالت مداخلت نہیں کرے گی، سپریم کورٹ پارلیمنٹ پر غالب آنا نہیں چاہتی لیکن سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ آئین کےخلاف ہے، ایکٹ سے عدلیہ میں مداخلت کی کوشش کی گئی۔

چیف جسٹس نے کہا نیب ترامیم کیس سپریم کورٹ کا یہی 3 رکنی بنچ ہی سنے گا، بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔