اسلام آباد (مشرق نیوز) وزارت خزانہ کے حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل رابطہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے وزارتِ خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے نئے پلان پر بات چیت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف نے گیس سیکٹر کے گردشی قرضے میں کمی کے پلان پر مزید وضاحت مانگی ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس سیکٹر کے گردشی قرض میں کمی کیلئے ڈیویڈنڈ سکیم متعارف کرائی گئی ہے۔ ڈیویڈنڈ پلگ ان بیک اسکیم سے گردشی قرضے میں 400 ارب سے زائد کی کمی ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پلگ اِن بیک سکیم سے گیس سیکٹر کا گردشی قرض کم ہو کر 1200 ارب رہ جائےگا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نگراں وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر آئی ایم ایف سے بات کریں گی اور آئندہ ماہ وزارتِ خزانہ اور آئی ایم ایف باقاعدہ اقتصادی جائزہ مذاکرات شروع کریں گے۔
وزارتِ خزانہ اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل رابطہ، گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں پر گفتگو



















