لاہور (خبرنگار) لاہور پارکنگ کمپنی سے فارغ ہونیوالے سپروائرزروں نے نئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے ناروا سلوک کیخلاف 22 اگست کو میٹروسٹیشن بند کر کے احتجاج کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سابق سپروائزروں نے سی ای او بلال فیروز پر الزام عائد کیا ہے کہ انکی انسپکٹروں کیساتھ مبینہ طور پر پانچ لاکھ روپے ہفتہ بطور رشوت کی ڈیل ہوگئی ہے تاہم ڈیل میں شامل شرط کے مطابق فوری طور پر 27 کے قریب سپروائزروں کو فارغ کیا گیا ہے۔ سپر وائزروں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ نئے سی ای او اس بیانئے کے تحت افسروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہےں کہ سپر وائزرسرکاری خزانے سے لاکھوں روپے کا غبن کر رہے تھے انکو نکالنے کے بعد آمد میں حیران کن حد تک اضافہ سامنے آیا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اب پارکنگ کمپنی کو لاہور کے سرکاری ہسپتالوں سے پارکنگ فیس وصول کرنے کا اختیار مل گیا ہے جہاں سے روزانہ 3 لاکھ روپے تک اکٹھے ہوتے ہیں جس کے بعد آمدن کا ہدف اب ایک ملین تک پہنچ چکا ہے جو اس سے قبل ساتھ سے 8 لاکھ روپے تک تھا۔ سپر وائزروں نے اپنے موقف میں بتایا ہے کہ سابق سی ای او کی جانب سے شکیل بلوچ، سجاد باقری اور شفاعت اللہ انسپکٹرز کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کی بنیاد پر نوکریوں سے فارغ کیا گیا تھا مگر بلال فیروز کے آتے ہی ان کو نہ صرف نوکریوں پر بحال کیا گیا بلکہ ترقی دیکر اسسٹنٹ منیجر بنایا گیا، یہ عمل ان کی غیر جانبداری اور ایمانداری کو واضح طور پر ثابت کررہا ہے۔ دوسری طرف چیف ایگزیکٹیو آفیسر لاہور پارکنگ کمپنی بلال فیروز جوئیہ نے سپروائزروں کی جانب سے عائد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بھونڈے الزام میری کردار کشی کے علاوہ کچھ نہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ سپروائزروں کو نوکریوں سے فارغ نہیںکیا گیا بلکہ ان کو ورک مین کے طور پر کام جاری رکھنے کا کہا گیا ہے مگر انہوں نے اوپر کی کمائی مرجانے کی پاداش میں میرے خلاف محاذ کھڑا کردیا ہے، کمپنی پروٹوکول میں سپروائزر کی کوئی سیٹ ہی موجود نہیں تاہم اس قانون پر عمل درآمد کرانے کی وجہ سے مجھے سخت تنقید کا سامنا ہے۔ لیکن یہ بات طے شدہ ہے کہ سپروائزروں کا پارکنگ سٹینڈوں سے عمل دخل ختم کرنے کے بعد کمپنی کی آمدن حیران کن حد تک بڑھ گئی ہے۔
لاہور پارکنگ کمپنی، فارغ سپروائزروں کا 22 اگست کو احتجاجاً میٹرو سٹیشن بند کرنیکا فیصلہ



















