پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر حتمی فیصلے تک تمام مقدمات کی سماعت روک دی جائے،جسٹس منصور علی شاہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس منصور علی شاہ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس پر حتمی فیصلے تک آرٹیکل 184 کی شق 3کے تحت تمام مقدمات پر سماعت روکنے کا مطالبہ کردیا۔

2صفحات پر مشتمل نوٹ میں جسٹس منصور نے کہا اگر آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت مقدمات سننا ضروری ہے تو فل کورٹ تشکیل دیا جائے،19 جولائی 2022 سے نیب ترامیم کےخلاف کیس سن رہے ہیں، 16 مارچ کو کیس کی 46ویں سماعت کے دن پارلیمنٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون نافذ کیا، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے سیکشن 3 کے مطابق 184(3) کے مقدمات کےلئے چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی بنچ تشکیل دے گی، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے سیکشن 4 کے تحت آئین کی تشریح کے مقدمات کی سماعت کم از کم 5رکنی لارجر بنچ کرے گا۔

نوٹ میں کہا گیا پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون نافذ ہونے کے بعد میں ترامیم کی گزشتہ سماعت 16 مئی کو ہوئی، 16 مئی کی سماعت سے قبل چیف جسٹس کو تحفظات سے آگاہ کیا، 16 مئی کو کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی، میری رائے تھی نیب ترامیم کیس کی مزید سماعت پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے فیصلے کے بعد کی جائے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کیس کا فیصلہ کیے بغیر نیب ترامیم کیس سماعت کےلئے مقرر کیا گیا، نیب ترامیم کیس سمیت پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون تمام زیر التوا مقدمات پر بھی لاگو ہوتا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا مجھے معلوم ہے8رکنی لارجر بنچ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر حکم امتناع جاری کر رکھا ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کےخلاف حکم امتناع عبوری ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کو آئینی طور پر درست یا غلط قرار دیئے جانے کا یکساں امکان ہے اگر پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کو درست قرار دیا جاتا ہے تو قانون سپریم کورٹ کے فیصلے کی تاریخ کی بجائے اپنی نافذ کی گئی تاریخ سے لاگو ہوگا، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون درست قرار دیا گیا تو نیب ترامیم کےخلاف کیس کا فیصلہ قانون کی نظر میں کالعدم قرار پائے گا۔

میرا موقف ہے کسی بھی بے ضابطگی سے بچنے کےلئے 184(3) کے مقدمات پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کیس کا فیصلہ ہونے تک نہ سنے جائیں اگر آرٹیکل 184(3) کے مقدمات سننے ضروری بھی ہوں تو سماعت کےلئے فل کورٹ تشکیل دیا جائے، میں نے فوجی عدالتوں کےخلاف کیس میں 22 جون کو اپنی رائے دی تھی، چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں نیب ترامیم کےخلاف کیس کی سماعت کےلئے فل کورٹ تشکیل دیا جائے، امید ہے چیف جسٹس میری درخواست پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔

نوٹ میں جسٹس منصور نے مزید کہا نیب ترامیم کیس کے فریقین کے وکلا سے بھی بنچ کی تشکیل پر رہنمائی لی جائے، کیا موجودہ بنچ نیب ترامیم کیس سنے یا پہلے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کیس کا فیصلہ کیا جائے یا فل کورٹ تشکیل دیا جائے، فریقین کے وکلا آئندہ سماعت پر قانونی نکتے پر تیاری کےساتھ آئیں۔