نیب ترامیم کیس،جسٹس منصور کا بنچ پر اعتراض،فل کورٹ کی تجویز دےدی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس منصور علی شاہ نے نیب ترامیم کےخلاف سماعت کرنےوالے بنچ پر اعتراض اٹھا تے ہوئے فل کورٹ بنانے کی تجویز دےدی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے3 رکنی خصوصی بنچ نے نیب ترامیم کےخلاف کیس پر 47 ویں سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث خرابی صحت کے باعث پیش نہ ہوسکے، خواجہ حارث کی جانب سے وکیل ڈاکٹر یاسر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا خواجہ حارث کی عدم حاضری پرمعذرت خواہ ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے فل کورٹ تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا عدالت پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کا فیصلہ کرے یا فل کورٹ بنائے،نیب ترامیم کیس کے اپنے اثرات ہوں گے،جسٹس منصور علی شاہ نے ملٹری ٹرائل کیس میں لکھے اپنے نوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کیس فل کورٹ کو سننا چاہیے،میرا اعتراض ہے اس طرح کے معاملات فل کورٹ ہی سن سکتی ہے، سپریم کورٹ پہلے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا فیصلہ کرے، پھرچیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں نیب ترامیم کیس فل کورٹ سنے ابھی تک سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا فیصلہ نہیں ہوااگر سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا فیصلہ ہو جاتا تو معاملہ مختلف ہوتا، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 3 اور 4 کے تحت کیس کم از کم 5 رکنی بنچ سن سکتا ہے،ملٹری کورٹس کیس میں بھی فل کورٹ بنانے کی تجویز دی تھی۔

دوران سماعت جسٹس منصور علی شاہ نے درخواست گزار کے وکیل مخدوم علی خان سے استفسار کیا بتائیں کیا بنچ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت نیب ترامیم کیس کی سماعت جاری رکھ سکتا ہے؟ ،چیف جسٹس نے مخدوم علی خان کو ہدایت کی آئندہ نکتے پر تیاری کرکے آ جائیں۔

وکیل مخدوم علی خان نے کہا جسٹس منصور علی شاہ کے نکتے سے متفق ہوں، نکتے پر عدالتی معاونت تیاری کے بعد کر سکوں گا، عدالت نیب ترامیم کے قابل سماعت ہونے کی حد تک سماعت جاری رکھ سکتی ہے۔

چیف جسٹس نے کہاکیا کوئی اتنا منفرد و خاص کیس ہے قانون کو نظر انداز کرکے سنیں؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے اگر واضح طور پر سمجھتے ہیں آرٹیکل184/3 کے تحت کیس قابل سماعت ہے تو سماعت چلے گی ،جسٹس منصور علی شاہ نے کہا معاونت کریں کیسے یہی بنچ کیس سن سکتا ہے،جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا اگر عدالت نے نیب ترامیم کیس کی سماعت مکمل کرلی تو پھر یہی بنچ ہو سکتا ہے بصورت دیگر قانونی طور پر بنچ کیس کی سماعت نہیں کر سکتا۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے اختلاف رائے کے باوجود عدالتی فیصلہ اکثریتی ججز کا ہوتا ہے، اب تک 27 سماعتوں پر درخواست گزاروں اور 19 پر مخدوم علی خان نے دلائل دئیے، اتنا لمبا کیس نہیں تھا، کیس کے ناقابل سماعت ہونے پر مخدوم علی خان اچھے دلائل دے چکے ہیں،چیف جسٹس نے مخدوم علی خان سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا آپ سماعت سے بچنا کیوں چاہ رہے ہیں؟ وکیل مخدوم علی خان نے کہا کیس سے بچ نہیں رہا، بطور وکیل عدالت کی معاونت میرا فرض ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کیس کی 47 سماعتیں ہو چکیں، پہلی سماعت پر بھی بنیادی حقوق سے متعلق سوال کیا تھا، نہیں بتایا گیا نیب ترامیم میں کونسا بنیادی حق متاثر ہوا، بنیادی حقوق کے سوال پر درخواست گزار کے وکیل تسلی بخش جواب نہیں دے سکے،وکیل مخدوم علی خان نے کہا عدالت کو بتا چکے حکومت نے نیب قانون میں متعدد ترامیم کیں، اپنی دانست میں عدالت کی بہترین معاونت کی، خواجہ حارث پچھلے 3 ماہ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے بیشتر مقدمات کےلئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاہم یہ سمجھتے ہیں لیکن میں نہیں سمجھتا 2023 میں کی گئی ترامیم کا جائزہ لے سکتے ہیں، عدالت کے سامنے 2022 کی نیب ترامیم چیلنج کی گئی تھیں، 2023 میں نیب قانون میں کی گئی ترامیم کو کسی نے چیلنج ہی نہیں کیا، نئی نیب ترامیم و اپنے تحریری جوابات جمع کرا دیں۔

جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دئیے کیس 2022سے زیر التوا ہے، ضروری نہیں کیس کے میرٹ پر فیصلہ دیں، نیب ترامیم کےخلاف دائر کی گئی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی فیصلہ دے سکتے ہیں، 2023 میں نیب قانون میں کی گئی ترامیم کو کسی نے چیلنج ہی نہیں کیا، نیب ترامیم کیس طویل عرصے سے زیر سماعت ہے، میری ریٹائرمنٹ قریب آن پہنچی ،انتہائی اہم مقدمہ ہے مجھے ہر صورت فیصلہ دینا ہوگا اگر فیصلہ نہ دے سکا تو میرے لیے باعث شرمندگی ہوگا، فریقین آئندہ سماعت پر حتمی دلائل دیں۔

سابق اتحادی حکومت کے وکیل ایڈووکیٹ مخدوم علی خان نے جسٹس منصور علی شاہ کی تجویز سے اتفاق کیا،چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ مخدوم علی خان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہمارے لیے مشکلات پیدا نہ کریں، آپ کیس سے کیوں کترا رہے ہیں،سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کی سماعت 28 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے کہا 28 اگست سے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کریں گے۔