پنجاب ،اسلام آباد پولیس بہتر تفتیش میں دیگر صوبوں سے پیچھے ہے،سپریم کورٹ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ہیں پنجاب ،اسلام آباد پولیس بہتر تفتیش میں دیگر صوبوں سے پیچھے ہے،سپریم کورٹ میں پولیس آرڈر 2002 کی منسوخی درخواستوں پر 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے حال ہی میں عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کا اجلاس ہوا، تمام آئی جیز،پراسیکیوٹرز پیش ہوئے،چیف جسٹس نے کہا کرائم سین کا تحفظ نہ ہونے سے شواہد ضائع ہو جاتے ہیں، پراسیکیوشن کے عدالتوں میں ناقابل قبول شواہد پیش کرنے سے ملزم بری ہو جاتے ہیں، پولیس تفتیش میں کمزوریوں کا فائدہ ملزموں کو ملتا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہاسندھ نے علیحدہ سے خصوصی تفتیشی ونگ قائم کیا ، سندھ پولیس کا اقدام قابل ستائش ہے، خیبرپختونخوا میں بھی پولیس نظام کو کچھ بہتر کیا گیا، پنجاب ،اسلام آباد پولیس نے تفتیش میں بہتری کےلئے ابھی ایسے اقدامات نہیں کیے، پنجاب ، اسلام آباد دونوں پولیس نظام بہتر بنانے میں دیگر صوبوں سے پیچھے ہیں،عدالت نے کیس کی مزید سماعت چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی۔