لاہور ( رپورٹ: میاں ساجد/ عکاسی: مقدم کامران) دکھ بانٹنے والے کہاں ہیں، زندگی کے جوار بھاٹا سے نبرد آزما ہونا مشکل ہوگیا، ضرورت کی ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ قرب قیامت کی نشانی ہے۔ عوام کے زخموں پر مرہم عیسیٰ رکھنے والے سیاستدانوں کی دنیا کوئی اور ہے، جائیں تو کہاں جائیں۔ پاکستان کے حالات کو اس نہج تک پہچانے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہونے کے باوجود عوام کی ضرورت کی ہر چیز کی قیمتوں میں اضافہ ناانصافی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہریوں عابد دانش، حبیب اللہ، منور احمد، اکرم، توصیف احمد، قربان علی، عظیم، ارسلان نے روزنامہ ”مشرق“ سروے میں گفتگو کے دوران کیا۔ حبیب اللہ اور منور احمد نے کہا کہ پاکستانی عوام اب شعور کی آنکھ کھولے اور ایسے سیاستدانوں کو کبھی ووٹ نہ دے جن کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے۔ نگراں سیٹ اپ ہو یا کسی جماعت کا اقتدار عوام کے ایام زندگی دکھوں سے عبارت ہیں اب تو حالات یہ ہوگئے ہیں کہ بچوں کو قلفی کھلانے کے قابل بھی نہیں رہے ۔ نگراں سیٹ اپ نے پٹرول بم گرا کر عوام پر ایک ظلم کی داستان رقم کی ہے جس کو فرامو ش نہیں کیا جا سکتا۔ بزرگ شہری اکرم اور توصیف احمد نے کہا کہ پچھلے ادوار کی بات کریں تو زندگی خوشگوار بھی تھی اورجب سے سیاست کی دنیا میں طوفان برپا ہوا ہے اور لیڈران کی بہتات میں اضافہ ہوا ہے] پاکستان کے حالات مزید بگاڑ کا شکار ہوئے ہیں جدھر بھی دیکھیں مایوسیوں کے ڈیرے اور کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے عوام کے مصائب میں 100 گنا اضافہ ہوا ہے حکومتیں بدلیں یا نگران اقتدار سنبھالیں عوام کی حالت زار میں کچھ بھی تبدیلی نہیں ۔ اشیاءخورو نوش کی قمتیوں میں ہو شربا اضافہ سے امراءکو کوئی فرق نہیں پڑتا اور غریب کے لیے ایک چوانی کا بڑھنا کسی عذاب سے کم نہیں ۔ قوم مقروض قوم کے بچے مقروض تو پھر پاکستان کے حالات کون تبدیل کرے گا ۔ پاکستا نی عوام کی زندگی دکھوں سے مزین ہے قوم کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور حالات بس سے باہر ہیں نگرانوں کے ایوانوں میں شادیانے اور عوام کے گھروں میں غربت کے ڈیرے قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے ۔ قربان علی ،عظیم اور محمد ارسلان نے کہا کہ مہنگائی کاطوفان اور اس سے عوامی پنجہ آزمائی کے قصور وار سیاست دان ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے لئے سوچا ہے عوام کی قسمت بدلنے کیلئے ان سیاستدانوں کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ۔ سب سے بڑا قہر تو یہ ہے کہ عوام پر بجلی واسا سوئی گیس کے بلوں کے ٹیرف میں اتنا ضافہ کر کے اتنا بوجھ ڈال دیا گیا جس سے متوسط طبقہ کے افراد ذہنی امراض میں مبتلاءہو رہے ہیں یہ عوامی محرومی کی ایک ایسی مثال ہے جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرےگی۔
پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ، زندگی کے جوار بھاٹا سے نبرد آزما ہونا مشکل ہوگیا،شہریوں کی دہائی



















