لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) کاروباری برادری نے پٹرول کی قیمت میں20 روپے اضافے اور ڈالر کی اونچی اُڑان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لینے اور ڈالر کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، آل پاکستان انجمن تاجران کے سینئر رہنما وقار احمد میاں، میاں سلیم، سینئر تاجر رہنما محمد علی میاں، چیئرمین پیاف فہیم الرحمان سہگل، قومی تاجر اتحاد کے رہنماو¿ں سید ممتاز حسین بخاری، چوہدری اسلام اور ایم ایم عالم روڈ کے جنرل سیکرٹری عمر قریشی نے نگران حکومت کی طرف سے عوام پر پٹرول بم گرانے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں 20 روپے تک اضافوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رواں ماہ کے دوران پٹرول کی قیمتوں میں دوسری بار اضافے کے بعد 40 روپے فی لیٹر سے صنعتی شعبے سمیت ہر طبقہ متاثر ہوگا ۔ پٹرول اور ڈالر کی اونچی اُڑان نے کاروبار کرنیوالوں کیلئے مشکلات کے انبار لگا دئیے ہیں۔ نگران حکومت آئی ایم ایف کی ایماءپر پاکستان کی معیشت پر ڈرون حملے کرنے بند کرے اور ملک کی صنعتی و تاجر برادری کیلئے ریلیف کا اعلان کرے۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافوںسے صنعتی شعبہ کے ٹرانسپورٹیشن اخراجات بڑھیں گے جس سے ہر چیز مہنگی ہوگی اور سفید پوش طبقہ سمیت ہر طبقہ متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول مصنوعات میں اضافہ کو جواز بنا کر مہنگی بجلی کے باوجود ماہانہ اور سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بھی اضافہ ہوگا جس سے صنعتی و تجارتی شعبہ پر مزید اضافہ بوجھ پڑیگا۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے صنعتی شعبے کے ٹرانسپورٹیشن اخراجات میں اضافے سے اشیاءکی بڑھنے سے مہنگائی میں بھی مزید ہوشربا اضافہ ہوگا۔ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرتے عوام کو قربانی کا بکرا بنا رہی ہے اور اس پر ٹیکسوں کا بوجھ لاد رہی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کبھی بھی ملک میں خوشحالی نہیں لایا بلکہ یہ پروگرام ہمیشہ پاکستانی عوام کیلئے بدحالی کا باعث بنا۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ پٹرول پر تمام اضافے فی الفور واپس لیکر عوام کو ریلیف دیا جائے۔
کاروباری برادری کا پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ ،ڈالر کو بھی نکیل ڈالی جائے: تاجر



















