کابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ،معاشی پالیسیوں کاتسلسل قائم رکھیں گے،نگراں وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) انوار الحق کاکڑ کا بڑا اقدام، کابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ، مشاورت تیز، حامد میر، حفیظ شیخ، سلطان علی الانہ سمیت متعدد ناموں پر غور شروع کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے تمام شخصیات کی پروفائل کا خود جائزہ لینے اورکابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

انوار الحق کاکڑ نے رفقا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا معاشی مشکلات کا شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے، اخراجات و لوگوں کو تکلیف نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کےلئے جلیل عباس جیلانی، شعیب سڈل، حفیظ شیخ، احسن بھون، سرفراز بگٹی، ذوالفقار چیمہ، فیصل واوڈا، میجر (ر) خرم حمید روکھڑی، شاہد آفریدی، قاری صداقت علی، احد چیمہ، مشتاق سکھیرا، ابصار عالم، سلیم صافی ،حامد میر، شمشاد اختر، رضا باقر، اشتراوصاف، جگنو محسن، عائشہ رضا فاروق اور بریگیڈیئر (ر) مظفر رانجھا کے نام زیرغور ہیں۔ سابق وزیرا طلاعات علی درانی کو وزارت اطلاعات، سلطان علی الانہ کو نگران وزیر خزانہ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔

سلطان علی الانہ نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا ،پاکستان میں مائیکرو فنانس کا بانی تصور کیا جاتا ہے ، سابق صدر پرویز مشرف کے ابتدائی دور میں حکومت کےساتھ مل کر مائیکرو فنانس کا شعبہ متعارف کرایا۔ سلطان علی الانہ قرض سے چھٹکارا پانے کےلئے اصلاحات لانے کے داعی ہیں، روپے کی قدر میں کمی اور قرض ٹریپ پر مضامین لکھے، کیرئیر کا آغاز 1985 میں سٹی بینک سے کیا، بعد میں گلوبل سکیورٹیزکے نام سے فرم بنائی، 2 بینکوں میں کام کیا، 2004 میں حبیب بینک کا صدر تعینات کیا گیا۔

دریں اثنا وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت مختلف وزارتوں کے اہم امور پر اجلاس ہوا، حکام نے بریفنگ دی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو جاری منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے اور بریفنگ تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ملک کے ایسے حصوں میں روڈ انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پر بنانے کی ضرورت ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے، بلوچستان میں روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی کام کی ضرورت ہے، کراچی تا چمن شاہرہ کی ازسرنو تعمیر پر کام شروع کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے بہترین انفراسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی ملک میں سڑکوں کی تعمیر و نگرانی کیلئے بہترین کردار ادا کر رہی ہے، انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کام کی رفتار تیز کرنے کیلئے آو¿ٹ آف دی باکس اپروچ بروئے کار لائی جائے، حکومت کا کام لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے، بلوچستان کی دوسرے صوبوں سے رابطہ سڑکوں کو بہتر کیا جائے، انفراسٹرکچر کی بہتری سے لوگوں کو بہت زیادہ سہولت مل سکتی ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا عوامی فلاحی منصوبے بلاتعطل جاری رہیں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات نگران حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی صحت و تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات یقینی بنائی جائیں، پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کیا جائے، وزیراعظم نے کہا ملکی معاشی پالیسیوں کا تسلسل قائم رکھیں گے، مزید اقتصادی بہتری لائیں گے، ٹیکس محصولات میں اضافے کیلئے اقدامات پر سختی سے عمل کیا جائے، حکومت معاشی بہتری کیلئے ڈی ریگولیشن و ذمہ دار خودمختاری پر توجہ مرکوز کرےگی، محدود مدت میں تمام تر توانائیاں معیشت کی اصلاح پر صرف کریں گے۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی، گورنر گلگت بلتستان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں گورنر گلگت بلتستان نے کہا بلوچستان سے نگران وزیراعظم کا انتخاب وفاق کو مضبوط کرےگا، وزیر اعظم نے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا،گورنر گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے دورے اور قانون ساز اسمبلی میں خطاب کی دعوت بھی دی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور علی مردان ڈومکی بھی ملے ، منصب سنبھالنے کی مبارکباد دینے کےساتھ نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔