ملکی اقتصادی ترقی ،صحتمند معاشرے کی تشکیل میں خواتین برابر کی حصہ دار ہیں :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ملک کی اقتصادی ترقی اور صحتمند معاشرے کی تشکیل میں خواتین برابر کی حصہ دار ہیں اور کوئی ملک انہیں تعلیم سے محروم کر کے یہ مقاصد حاصل نہیں کر سکتا۔ وہ قومیں ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی ہیں جنہوں نے خواتین کی تعلیم پر توجہ نہیں دی اور انہیں نئی نسل کی بہتر تربیت کےلئے تیار نہیں کیا۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں ڈویژنل آرٹ و تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، پرنسپل مسز نغمانہ صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر احمد حسن اور گرلز کالجز کی پرنسپلز، اساتذہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف نصابی تعلیم معاشرے کی اصلاح کے لئے کافی نہیں بلکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اساتذہ تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی پوری توجہ دیں اور طالبات کی ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اسلئے اپنے وطن کی قدر کریں اور اسے عطیہ خداوندی سمجھتے ہوئے ہر شہری اس کی ترقی اور حفاظت میں اپنا اپنا کردار ادا کرے۔ اس سے پہلے کمشنر شعیب اقبال سید نے آرٹ مقابلوں میں طالبات کے رکھے ہوئے فن پارے دیکھے اور ان کے معیار کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ پوری توجہ حصول تعلیم پر مرکوز کریں کیونکہ بچیوں کی تعلیم سے ہی خاندان کی تعلیم و تربیت اور ان کی کردار سازی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں رواداری اور مثبت قدروں کا فروغ بھی بچیوں کی تعلیم سے ہی منسلک ہے جسے سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر شعیب اقبال سید اور دیگر شرکاءنے آزادی کیک کاٹا اور کالج لان میں پودا بھی لگایا۔دریں اثناءپسپ پروگرام کے تحت مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور رواں ہفتے 75پائپ ڈالے گئے جس سے42انچ قطر پائپ ڈالنے کا کام54فی صد کام مکمل ہو گیا ہے۔ مڈھالی روڈ پر جاری کام اگست کے آخر تک مکمل کر لیا جائےگا جس کے بعد سڑک کی کارپیٹنگ کی جائےگی۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، میونسپل آفیسر غلام عباس، پسپ کے پروگرام کے انفراسٹرکچر انجیئر حمزہ چوہان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں نیسپاک کے سینئر ریزیڈنٹ انجینئر ملک افتخار احمد نے بتایا کہ شہر میں جاری کاموں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے تاہم ٹھیکیدار وسائل کی کمی کا بہانہ کرکےسست روی کا شکار ہیں جسے انتظامی اقدامات سے ٹھیک کیا جانا چاہیے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے سیوریج لائن کی تنصیب میں اس سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے معاہدے کے مطابق ٹھیکیداروں کو روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ عائد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے وعدے کے مطابق علامہ اقبال روڈ اور فتح شیر روڈ پر کارپیٹنگ کا کام شروع نہ کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ ٹھیکیداروں کو 5لاکھ روپے روزانہ جرمانہ کرنے کی ہدایت کی۔