مشکل ترین امتحان میں سرخرو،چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا پر خوشی نہیں،وزیراعظم

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے 16 ماہ میری زندگی کا مشکل امتحان تھا، اتنا کڑا امتحان 38 سالہ سیاسی کیریئر میں نہیں دیکھا، مختصر ترین حکومت میں بے پناہ چیلنجز کا سامنا رہا، پی ٹی آئی حکومت کی ناکامیوں کا بوجھ بھی آپڑا، چیئرمین پی ٹی آئی کو دی گئی سزا پر قطعاً کوئی خوشی نہیں،9 مئی کو شہدا ،غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، دن رہتی دنیا تک یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائیگا، نیازی حکومت اپنی ذات کی خاطر ملک کو قربان کرنا چاہتی تھی،ایوان کو پھر 9 مئی کی سازش کا نوٹس لےکر قرارداد منظور کرنی چاہیے تا کہ قیامت تک ملک و فوج کےخلاف کوئی ایسی جرات کا سوچ بھی نہ سکے۔

قومی اسمبلی میں الوادعی خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا 9 مئی ریاست، فوج اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کیخلاف بغاوت تھی،13 جماعتی اتحادی حکومت انوکھا واقعہ ہے، گلدستہ پہلے بنا نہ دوبارہ بنے گا، تاریخ کی مختصر ترین مخلوط حکومت نے 16 ماہ میں درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے بھرپور کوششیں کیں، حکومت و اتحادی جماعتوں نے سیاست کی بجائے ریاست بچانے کو ترجیح دی، وفاق، صوبے ،ادارے ملکر آگے بڑھیں گے اور کریڈٹ کے چکر سے نکلیں گے تو ملک آگے بڑھے گا، قومی اتحاد کے بغیر ملک نہیں چل سکتا،راجہ ریاض سے جمعرات کوملاقات کرکے نگران وزیراعظم کے نام پر تبادلہ خیال کرونگا ۔

،وزیراعظم نے کہا 11 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی کے دائیں و بائیں طرف بیٹھے ساتھیوں نے اعتماد کرکے مجھے وزیراعظم منتخب کرایا، مشکل ترین حالات میں اتحادی حکومت نے بدترین سیلاب سمیت مشکلات کا مقابلہ کیا،اتحادیوں کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا،پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کو تار تار کیا، بدترین غفلت سے پاکستان کو نقصان پہنچا، سائفر کے جھوٹ پر مبنی ڈرامے نے آگ پر جلتی کا کام کیا، چین کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا گیا، ایوان میں سب کو چور، ڈاکو کہا گیا،سابق حکومت نے خارجی محاذ پر دوست و برادر ممالک کو ناراض کیا۔

شہبازشریف نے کہاسرمنڈاتے ہی اولے پڑے، حالات کی اتنی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا، روس، یوکرین جنگ کی وجہ سے پٹرول کی قیمتیں بڑھانا پڑتی تھیں، اربوں ڈالر کی بیرون ملک سے گندم منگوانا پڑی، پی ٹی آئی حکومت میں چند لوگوں کی جیبیں بھری گئیں، اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا، 16 ماہ میں کسی سیاسی مخالف کو جیل بھجوانا تو دور ناجائز تنگ بھی نہیں کیا۔

وزیراعظم نے کہا ایک پارٹی کے لیڈر کو سزا ملی تو کوئی خوشی نہیں، دشمن کو بھی سزا ملے تو خوشی نہیں منانی چاہیے اگر کسی نے مٹھائی بانٹی تو اچھی روایات نہیں بلکہ رحم اور معافی مانگنی چاہیے، رہتی دنیا تک 9 مئی کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے شہادتیں دیں، سابق وزیر اعظم نے دہشتگردوں کو دعوت دی انہوں نے سوات میں آکر ادھم مچایا،تھانوں پر قبضہ کیا، ملک کے مختلف حصوں میں دہشتگردحملے دوبارہ شروع ہوگئے، سوال کرنا چاہتا ہوں کیا 80 ہزار پاکستانیوں کی قربانیوں کا یہ صلہ ہے، پورے ملک میں امن ،چین تھا، ڈیفالٹ کی باتیں کرنےوالوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد مشکلات سے نکل آئے۔

شہبازشریف نے کہاسعودی عرب، یو اے ای، قطر، چین اور دوست ممالک مدد نہ کرتے تو آئی ایم ایف سے پروگرام نہ ملتا، 6 ارب ڈالر کا گیپ تھا، ایک ارب ڈالر اسی وقت اسلامی بینک نے وہیں بیٹھے بیٹھے دےدیا، برادر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں لیکن کب تک قرض لیتے رہیں گے، قرضے لےکر جرمنی ،جاپان سمیت کئی ملک اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو گئے، ایس آئی ایف سی کا منصوبہ پاکستان کیلئے بہترین موقع اور بہترین میکنزم فراہم کرتا ہے، وفاق، صوبے ،ادارے ملکر آگے بڑھیں گے،کریڈٹ کے چکر سے نکلیں گے تو ملک آگے بڑھے گا، ملکر ملک کو آگے لےکر جانا ہے، ایس آئی ایف سی میں وفاق، چاروں صوبے ،ادارے اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر شامل ہیں،ملکر ویژن بنایا ، دوست ممالک کو ساتھ ملا کر سرمایہ کاری کے ذریعے و استحکام پیدا کرکے آگے بڑھیں گے۔

وزیراعظم نے کہااللہ نے اسی گلدستے کو کامیاب کیا تو دنیا میں مہک پھیلے گی، سیاستدان کی گردن میں سریا نہیں ہونا چاہیے جھکنا چاہیے، اختر مینگل کا اچھے الفاظ کہنے پر شکر گزار ہوں۔

شہبازشریف نے کہا بلوچستان ترقی میں پیچھے رہ گیا، صوبے کے ساتھیوں کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتا ہوں، سیاسی افراتفری، لانگ مارچوں کے باوجود گوادر 4مرتبہ گیا، بلوچستان کے کچھ مسائل حل ہوئے، برداشت صبر سے کام لیں جو بھی حکومت ہو گی مسائل حل کرے گی، بےنظیر شہید، نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، 13 جماعتی اتحاد کی حکومت تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے،سپیکر قومی اسمبلی کا شکر گزار ہوںان کیلئے زور سے تالیاں بجائیں، بلاول بھٹو نے بہترین سفارتکاری کی ،ان کا بڑا برائٹ فیوچر ہے، خواجہ آصف عمر میں مجھ سے 10 سال بڑے ہیں، اسحاق ڈار نے بڑی محنت سے کام کیا راتوں کو جاگے، وزیر تعلیم رانا تنویر بیرون ملک دوروں پر زیادہ رہتے ہیں، نوید قمر بڑے کام کے آدمی ہیں، بلاول سے کہوں گا ن لیگ میں بھیج دیں،سیاست کے میدان میں خورشید شاہ بڑے رہنما ہیں، محفل جلد دوبارہ لگے گی، سابق وزیر اعظم کی غلطیوں نہیں آپ کے ووٹوں سے وزیر اعظم بنا ، حسین یادیں میری زندگی کا حصہ ہیں،دوبارہ موقع ملا تو ملکر پاکستان کو عظیم بنائیں گے، راجہ ریاض سے پہلی ملاقات ہو گی اگر فیصلہ نہ کر سکے تو پھر معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا۔

قبل ازیںوفاقی کابینہ کے الوادعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا 9 مئی کو ریاست اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کےخلاف سازش کی گئی، سازش کامیاب ہوتی تو نتائج اتنے بھیانک ہوتے سوچا بھی نہیں جا سکتا۔

شہباز شریف نے کہا 11 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی نے اعتماد کیا ، مدت مکمل ہونے پر شکر ادا کرتے ہیں، تاریخ کی مختصر ترین حکومت تھی،سر منڈاتے ہی اولے پڑے، حالیہ سیلاب نے پورے پاکستان میں تباہی مچائی، سیلاب بڑا چیلنج تھا، سیلاب کے دوران چاروں صوبوں نے دن رات محنت کی، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 80 ارب تقسیم کیے گئے، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت کو دنیا جانتی ہے۔

وزیراعظم نے کہابلاول بھٹو، وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب کے دوران دن رات کام کیا، کسی صوبے کے ساتھ کوئی تفریق نہیں کی گئی، سیلاب سے سندھ سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ تھا، ٹیم ورک کے نتیجے میں سیلاب متاثرین کی مدد کی گئی،جنرل (ر) باجوہ، کور کمانڈر ملتان ،شازیہ مری، شیری رحمن کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں،16 ماہ چیلنجز کا مقابلہ کیا، مہنگائی کا طوفان ابھی تک تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

شہبازشریف نے کہامہنگائی کی بے شمار وجوہات ہیں، پی ٹی آئی حکومت کی 4 سالہ غفلت کے نتیجے میں داخلی و خارجہ محاذ پر پاکستان کے نام کو بری طرح مجروح کیا گیا، 16 ماہ تمام مشکلات کے باوجود سب یکجا رہے، پاکستان کو بچانے میں سب نے اپنی سیاست کو قربان کیا ،تاریخ ہمیشہ آپ لوگوں کو یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے کہاتیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، کبھی اوپر کبھی قیمتیں نیچے جاتی ہیں، سیاست کی بجائے قومی خزانے کو بھرنے کی سوچ تھی، نگران حکومت کے بعد انتخاب ہوں گے جو بھی حکومت جس طرح آئے گی شبانہ روز محنت کریں گے،نواز شریف، آصف زرداری،فضل الرحمن، چودھری شجاعت ، خالد مقبول صدیقی کا شکر گزار ہوں۔

شہباز شریف نے کہا آئی ایم ایف پروگرام کے دوران ہمت نہیں ہاری، قرضوں کو رول اوور کرنے پر چین کے شکر گزار ہیں، چینی نائب صدر نے دورہ کر کے ثابت کیا پاکستان بہترین دوست ہے،9 مئی تاریخ کا المناک سانحہ،پاکستان ،سپہ سالار کےخلاف سازش تھی، سابق وزیراعظم نے جتھے کو تیار کیا اگر سازش کامیاب ہو جاتی تو پاکستان کا کیا حشر ہوتا تصویر کشی نہیں کر سکتا،اللہ نے بھیانک، ناپاک سازش سے بچایا، جی ایچ کیو میں شہدا کی فیملیز سے ملاقات ہوئی، شہدا نے جانوں کے نذرانے پیش کیے، دہشتگردی کےخلاف جنگ آج بھی جاری ہے، دہشت گردوں نے یونیورسٹیوں، جی ایچ کیو، بازاروں پر حملے کیے۔

وزیراعظم نے کہاافواج پاکستان نے ضرب عضب، ردالفساد آپریشن کیا، سیاسی و مذہبی جماعتوں نے افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، کسی کا دل پتھر کابھی ہو تو شہدا کے مجسموں کو نشانہ نہیں بنا سکتا، 9 مئی کو شہدا کی فیملیز پر کیا بیتی ہو گی، 9 مئی کے دلخراش واقعہ سے سبق حاصل کرنا ہے،ایک طرف جتھہ، دوسری طرف قوم کا اتحاد تھا، آرمی چیف نے پختہ لیڈر شپ دکھائی اور معاملات گھنٹوں میں قابو میں آگئے،خدانہ کرے ایسا واقعہ دوبارہ رونما ہو، قومی اتحاد انتہائی ضروری ہے، صوبوں کے درمیان گیپ کو کم کرنا ہو گا۔

شہبازشریف نے کہاکہا گیااتحاد تو2ہفتے نہیں چلے گاجو نیک نامی کمائی قیامت تک کوئی نہیں کر سکے گا، ہمالیہ نما مسائل حل کیے، سول ملٹری ریلیشن شپ پر کتابیں لکھی گئیں،75 سال میں پاکستان کو پاو¿ں پر کھڑا کرنے کےلئے کوششیں ہوئیں مگر 34 سال مارشل لا میں گزر گئے، ہمسایہ ملک کہیں آگے نکل گئے، کوئی تو وجہ ہو گی پیچھے رہ گئے، کیسے ہو سکتا ہے پدی پدی جیسے ملک آگے نکل گئے، سب کےلئے لمحہ فکریہ ہے، پہلے اپنے پھر کسی اور کو ذمہ دار ٹھہراوں گا، ترقی و خوشحالی کے سفر کا آغاز کرنا ہو گا، کب تک قرضے لیتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہاپی ٹی آئی حکومت نے ملک ڈیفالٹ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی،سنگین غفلت کی وجہ سے کشکول اٹھانا پڑا اگر آئندہ موقع ملا تو ملک میں زرعی انقلاب لائیں گے، غربت و بےروزگاری کا خاتمہ کریں گے۔

مزید برآںتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے متعدد پیکیجز کا اعلان کرتے ہوئے کہا سمندر پار پاکستانیوں نے اپنی قابلیت و صلاحیتوں کا لوہا منوا کر پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا ،اوورسیز وطن سے دور رہ کر قومی خدمت سرانجام دے رہے ہیں، حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

شہبازشریف نے کہا سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں، پاکستانی محنت کشوں کو ہنر سکھائےں اور سرٹیفکیٹس دلوائے جائیں تو آمدن میں اضافہ ہو گا ،پاکستان کا زرمبادلہ بڑھے گا، وقت آ گیا ہے سعودی عرب، یو اے ای، یورپ و دیگر ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کی کھپت کے مواقع سے استفادہ کیا جائے، پیکیجز میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ،شکایات کے ازالے کیلئے خصوصی عدالتوں ، اوورسیز پاکستانیز کمیشن ، ملک کی اعلیٰ انتظامیہ کے دفاتر میں سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ہاٹ لائنز کا قیام، سرکاری رہائشی منصوبوں میں 10 فیصد کوٹہ، بچوں کی ملک و بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کیلئے وظائف و دیگر منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا نادرا میں سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے خصوصی اقدامات اور بیرون ملک پاکستانی مشنز میں خصوصی کاﺅنٹرز کی تعداد بڑھائی جائے گی، یونین کونسلز سے سرٹیفکیٹس کے فوری اجرا کیلئے اقدامات کریں گے۔