پاک فوج دشمن قوتوں کے تمام حربوں کوخاک میں ملانے کےلئے ہر لمحہ تیار ہے،آرمی چیف

راولپنڈی (بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے پاک فوج دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاک آرمی موجودہ و آنےوالے دنوں کے چیلنجز کا ادراک رکھتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جہلم کے قریب ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا ،ٹلہ فائرنگ رینج آمد پر کور کمانڈر منگلا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آرمی چیف نے لائیو فائر اور جدید وی ٹی 4 ٹینکوں کی مشقوں، لانگ رینج ایس ایچ 15 آرٹلری گنوں کی شوٹنگ وجدید آلات کی نمائش کا مشاہدہ کیا،سربراہ پاک فوج کوسٹرائیک کور کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی،آرمی چیف نے عملے کی جنگی و جدید ترین ہتھیاروں پر مہارت کو سراہا۔

جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا پاک فوج دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے، پاک آرمی موجودہ اور آنےوالے دنوں کے چیلنجز کا ادراک رکھتی اوردشمن قوتوں کے تمام حربوں کوخاک میں ملانے کےلئے ہر لمحہ تیار ہے۔