اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر انسانی حقوق ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں افغان عبوری حکومت کے ملوث ہونے کی بات کو تسلیم نہیں کرتا، دونوں ممالک کے درمیان کچھ غلط فہمیاں ہیں۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر انسانی حقوق نے افغان حکام کی جانب سے پاکستان میں حملوں سے انکار سے متعلق جاری ہونے والے بیانات کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ چیزیں ہیں جو ان کے علم سے ماورا ہو رہی ہیں لیکن جہاں تک طالبان کا تعلق ہے، آج بھی ان کے وزیر دفاع کا بیان آیا ہے کہ وہ کسی بھی شخص کو پاکستان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور یہ جہاد نہیں ہے۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے پڑوسی ملک کے ذریعے ادائیگیاں کی جاتی ہیں اور ان کارروائیوں کے پیچھے افغانستان کا نام ہے جبکہ وہاں 20 سال تک طویل جنگ کے بعد لوگوں کو خریدا گیا اور ان بے سہارا لوگوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔جب ان سے سوات اور خیبر پختونخوا میں افغان شہریوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق سوال کیا گیا تو وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ انہیں پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے ملک میں داخلے کی اجازت دی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ تھے جنہیں آپ کے اپنے لوگ لائے تھے جنہیں گزشتہ دور حکومت میں مین اسٹریم میں آنے کی اجازت دی گئی۔یہ سوال پوچھے جانے پر کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں ہیں، ریاض پیرزادہ نے اتفاق کیا اور کہا کہ ان کی رائے میں افغان قیادت ایران، سعودی عرب، چین اور پاکستان کے ساتھ کافی ایماندار ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستانی عوام اور افغان قوم کا خون ایک جیسا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سماجی، ثقافتی اور لسانی تاریخی تعلقات ہیں، اسلئے میں نہیں سمجھتا کہ افغانستان، پاکستان کے ساتھ اتنی بے وفائی کرےگا، میں یہ تسلیم نہیں کرتا۔ریاض پیرزادہ نے پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو طاقتور جنگی فوج بھی قرار دیا جس کے بغیر ملک اب تک غرق ہو چکا ہوتا۔
نہیں سمجھتا دہشت گردی واقعات میں افغان باشندے ملوث ہیں: ریاض پیرزادہ



















