نوابشاہ میں ٹرین حادثہ،37افراد جاں بحق،وزیر ریلوے نے تخریب کاری کاخدشہ ظاہر کردیا

نوابشاہ،اسلام آباد،لاہور،کراچی(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)نوابشاہ میں ٹرین حادثہ،37افراد جاں بحق،50سے زائد زخمی،متعدد کی حالت نازک،اموات میں اضافے کاخدشہ،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ،وزیر ریلوے نے تخریب کاری کاخدشہ ظاہر کردیا۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے آنےوالی ہزارہ ایکسپریس سرہاری ریلوے سٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی،ٹرین کی کئی بوگیاں ٹریک سے اتر کر الٹ گئیں،37افراد جاں بحق اور50سے زائد زخمی ہوگئے،مرنے والوں میں خواتین ، بچے بھی شامل ہیں۔

ہزارہ ایکسپریس میں 1000 سے زائد مسافر سوار تھے،اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے فوری لاشوں وزخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا،نوابشاہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی،ویران علاقے میں حادثہ پیش آنے کی صورت میں امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا،متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے۔

مشینوں کے ذریعے متاثرہ بوگیوں کو اٹھانے کاسلسلہ رات گئے تک جاری رہا،آرمی چیف کی خصوصی ہدایات پر پاک فوج ، رینجرزکے جوان بھی موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا،آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے کئی قیمتی جانوں کو بچایا،جوانوں نے اشیائے خورونوش بھی تقسیم کیں۔

پاک فوج کے ریسکیو آپریشن کا سلسلہ آخری زخمی کی ہسپتال منتقلی اور جائے حادثہ پر پھنسے افراد کی بحالی تک جاری رہے گا،عینی شاہد ین نے کہا حادثہ اتناقدر شدید تھا سنبھلنے کاموقع ہی نہیں ملا۔

ادھر ریلوے سکھر ڈویژن نے ایمرجنسی انفارمیشن سینٹر قائم کر دیا، ڈی سی او ریلوے سکھر کی ہدایت پر سکھر ریلوے سٹیشن پر ایمرجنسی انفارمیشن سینٹر قائم کیا گیا ،حادثے میں زخمی و جاں بحق ہونے والے مسافروں کی معلومات انفارمیشن سینٹر سے حاصل کی جا سکے گی،ایمرجنسی انفارمیشن سینٹر ڈیسک کے 2 ایمرجنسی ٹیلیفون نمبر بھی جاری کردئیے گئے، عوام 0719311166 اور 0715617676 پر رابطہ کرکے انفارمیشن حاصل کرسکتے ہیں۔

دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے سعدرفیق نے کہا ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنےوالا حادثہ تخریب کاری بھی ہو سکتی ہے،صبح سو کر اٹھا تو دل کی عجیب سی صورتحال ،بے چینی تھی ، میں نے دعا کی 3روز رہ گئے خیر خیریت سے گزر جائیں اورحادثہ ہو گیا۔

سعد رفیق نے کہا ٹرین کی رفتار مناسب تھی اور جب حادثے کا شکار ہوئی تو 45 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی،حادثہ تخریب کاری،لائن میں مکینیکل فالٹ بھی ہو سکتا ہے،حادثے کی تمام پہلوﺅں سے تحقیقات کر رہے ہیں ، پہلے ریلیف پھر تحقیقات ہوں گی۔

وزیر ریلوے نے کہا جاں بحق مسافروں کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں، افواج پاکستان ،رینجرز ،صوبائی حکومت ،ریسکیو 1122اور ریلوے کے اہلکاروں کا شکر گزار ہوں جنہوںنے مشکل و آزمائش کی گھڑی میں بہترین کردار ادا کیا ،کوشش ہے وسائل نہ ہونے کے باوجود ریل کے سفر کو محفوظ بنائیں،متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

سعدرفیق نے کہاٹیکنیکل فالٹ ہے یا خدانخواستہ تحریب کاری ، کوئی شرارت ہے یا حادثہ ہے ،فی الحال کوئی بات نہیں کررہے تاکہ کوئی قیاس آرائی نہ کی جائے ، صوبائی حکومت سے درخواست کی ہے مسافروں کی فہرست جاری کردیں ، ٹرین میں ایک ہزار کے قریب مسافر تھے، تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ،زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

مزید برآں وزیر ریلوے سعد رفیق نے حادثے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے نوابشاہ میں فی الفور ہنگامی اقدامات کرنے کی درخواست کی ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر ریلوے سعد رفیق کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کا نفاذ کر دیا ،زخمیوںکو ہسپتالوں میں پہنچانے و بہترین طبی امداد کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم ،وزیر خارجہ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے حادثے پر اظہار افسوس اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا،وزیراعظم شہبازشریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی،وزیر اعظم نے ریلوے، ریسکیو اور پاک فوج کے اہلکاروں کی بروقت مدد کی کوششوں کو بھی سراہا۔