سیکرٹری خزانہ پنجاب ملازمین دشمن پالیسیوں کا موجد، فوری تبدیل کیا جائے: اگیگا
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر )آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کا سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اگیگا مرکزی رہنماو¿ں رحمن باجوہ، رخسانہ انور ،قاسم علوی، خالد جاوید سنگھیڑہ، راجہ طاہر اور پروفیسر ندیم اشرفی نے پنجاب حکومت کے کابینہ اجلاس کے منٹس کی منظوری پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل سرکاری ملازمین کا دشمن اور ملازم کش پالیسیوں کا موجد ہے، اسکی خدمات فی الفور وفاقی حکومت کے حوالے کی جائیں۔ مرکزی کوآرڈنیٹر رحمن باجوہ نے کہا کہ لیو اِن کیشمنٹ کا کالا قانون ملازمین کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور ہر سطح پر احتجاج ریکارڈ کرایا جائےگا، اس قانون کو فی الفور واپس لیا جائے۔ سینئر وائس پریزیڈنٹ اگیگا مرکزی صدر پاکستان نیشنل ہیلتھ پروگرام رخسانہ انور نے کہا لیو اِن کیشمنٹ کا قانون پنجاب کے سرکاری کے ساتھ زیادتی ہے اور یہ آئین پاکستان کی شق 25 کی خلاف ورزی ہے، ایک صوبے کے ملازمین کے ساتھ متعصبانہ قانون کسی صورت قبول نہیں۔ جنرل سیکرٹری اگیگا پروفیسر ندیم اشرفی نے کہا بظاہر آرڈیننس کے ذریعے لیو اِن کیشمنٹ کا قانون آئی ایم ایف کا ایجنڈہ ہے اور اس پر عملدرآمد گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کے ذریعے کروایا گیا تو ایسا لگتا ہے کہ گورنر پنجاب آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر ان کے نمائندے کے طور پر کام کررہے ہیں۔ سرپرست اعلیٰ آگیگا پنجاب علامہ قاسم علوی نے کہا پنجاب حکومت اپنے ملازمین کے خلاف محاذ آرائی ہے۔ وفاق کے مطابق تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ یکم جولائی سے نہ کرنا زیادتی اور سمجھ سے بالا تر ہے۔ صدر اگیگا پنجاب راجہ طاہر نے کہا کہ وفاق کے مطابق تنخواہوں کا نوٹیفکیشن ہونا چاہئے۔ یکم اگست اور اس بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشن کے اضافے سے محروم رکھنا سیکرٹری خزانہ کی منفی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرز اپنے جائز حق کےلئے اپنا احتجاج ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔



















