ملازمہ تشدد کیس،اہلیہ سول جج کی جے آئی ٹی میں پیشی،صحت جرم سے انکار

اسلام آباد(بیورورپورٹ)کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں سول جج کی اہلیہ جے آئی ٹی میں پیش،صحت جرم سے انکار،سوالات کاجواب دینے کی بجائے الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے ملزمہ سومیہ عاصم سے سوالات پوچھے،اپنی صفائی میں کوئی جواب نہیں تھا،بچی پرتشدد کی وجہ پوچھی گئی تو الزامات کی بوچھاڑ کر دی،ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر سول جج کی اہلیہ کسی سوال کے جواب میں مطمئن نہیں کر پائیں۔

جج کی اہلیہ نے کہا بچی گھر پر ملازمہ نہیں تھی، تربیت کےلئے رکھا ہوا تھا، بچی کے والدین کو امداد کے طور پر اب تک 60 ہزار بھیجے، پیسے اپنے شوہر عاصم حفیظ کے موبائل ایزی پیسہ سے بھجوائے۔

ملزمہ سومیہ عاصم نے کہاکوئی تشدد نہیں کیا، بچی کو سکن الرجی تھی، سر پر چوٹ کیسے لگی نہیں معلوم،رضوانہ آنکھوں و جسم پرخارش کرتی رہتی تھی، دوا لا کردی لیکن آنکھوں یا جلد پر نہیں لگاتی تھی، بچی کو ڈنڈے مارنے سے پھیپھڑوں کا انفیکشن تو نہیں ہونا تھا، بازو گھر سے ٹوٹا ہوا نہیں گیا،ذرائع کے مطابق سپیشل جے آئی ٹی نے ملزمہ سے تحریری جواب بھی طلب کرلیا۔