”الوداع“ پی این ایس طارق ،بحری بیڑے سے سبکدوش

کراچی(بیورورپورٹ)پاک بحریہ نے ٹائپ21کلاس کے آخری جہاز پی این ایس طارق کو 30سال کی عسکری خدمات کے بعد بحری بیڑے سے سبکدوش کر دیا، تقریب کا انعقاد پی این ڈاکیارڈ کراچی میں کیا گیا۔

،مہمان خصوصی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تھے، پی این ایس طارق آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل امجد نیازی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔

پی این ایس طارق کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے3دہائیوں میں مادر وطن کے دفاع کےلئے جہاز کی شاندار خدمات کوسراہا، انہوں نے 2005میں بحر ہند کے سونامی کے بعد مالدیپ میں پی این ایس طارق کی جانب سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کی تعریف کی جس میں مختلف ممالک کے 377سیاحوں کی قیمتی جانیں بچائی گئیں، پی این ایس طارق کے کارنامے کا اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا گیا۔

مہمان خصوصی نے جہاز کو بہترین آپریشنل حالت میں برقرار رکھنے پر عملے کو خراج تحسین پیش کیااورجہاز کو برطانیہ میں میوزیم کے طور پر نمائش کےلئے رکھنے کے اقدام کو سراہا جس میں رائل نیوی کےساتھ پاک بحریہ کے بحری ورثے کو بھی دکھایا جائے گا۔

پاک بحریہ میں تقریبا 3دہائیوں کی شاندار خدمات کے دوران جہاز نے 20 ہزار گھنٹے سمندر میں گزارے اور 10لاکھ ناٹیکل میل سے زیادہ کا فاصلہ طے کیا،جہاز کے عسکری سفر سے سبکدوشی سے قبل پاکستان نیوی نے2اگست کو مقامی طور پر بنائے جانے والے ملجم کلاس جہاز کی لانچنگ کی جس کا نام طارق رکھا گیا تاکہ پرانے پی این ایس طارق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے اور میراث کو آگے بڑھایا جائے۔

تقریب میں سول و عسکری معززین بشمول پی این ایس طارق کے سابق کمانڈنگ افسروں و کمیشننگ عملے نے شرکت کی۔