لاہور (مرزا ندیم بیگ) محکمہ اینٹی کرپشن میں بلدیہ عظمیٰ کے افسران اور دیگر ذمہ داران کی میگا کرپشن کا مقدمہ درج ہونے کے بعد پہلی بار عید الاضحی پر سرکاری خزانے سے شہر کے مختلف مقامات پر لگنے والی مویشی منڈیوں پر ایک کوڑی بھی نہ لگی۔ کمشنرلاہور محمد علی رندھاوا نے فری منڈیاں لگنے پر اینٹی کرپشن افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کریڈٹ دیدیا،اس حوالے سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عتیق ڈوگر کا کہنا تھا کہ سٹی گورنمنٹ کے افسران اور ٹھیکیداروں کیخلاف مویشی منڈیوں کی آڑ میں اربوں کی کرپشن کی انکوائری کرنے کے بعد الزام ثابت ہونے کے بعد ابھی ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا، 2021 میں کروڑوں جبکہ 2022 میں 2 ارب کے قریب کرپشن کی گئی تھی۔ مویشی منڈیوں میں جنریٹر،آئل سمیت دیگر سہولیات ظاہر کر کے سرکاری خزانے کا بڑی بے دردی سے بے دریغ اپنے لئے استعمال کیا گیا تھا کیونکہ حقیقت میں ایسی کوئی رقم وہاں نہیں لگائی گئی تھی سب بوگس تھا جہاں تھوڑی رقم میں تمام انتظامات ہوئے تھے وہاں کئی گناہ زیادہ رقم ظاہر کر کے وصول کی گئی اس کریشن کی کہانی سامنے آنے کے بعد اس بار عید قربان پر شہر میں جتنی بھی منڈیاں لگائی گئیں وہاں سٹی گورنمنٹ کی طرف سے کوئی پیسہ نہیں لگایا گیا اور احسن طریقے سے سارے معاملات نپٹ گئے، بیوپاری اور عوام بھی مطمئن رہے ،اتنی بڑی رقم کا ضیاع ہونے سے بچ گیا جس پر کمشنر لاہور نے ہماری اس کاوش کو سراہا ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئندہ بھی ہر عید قربان پر ایسے ہی مویشی منڈیاں لگیں گی اور کرپشن ایک پیسے کی بھی نہیں ہو پائےگی۔
بلدیہ عظمیٰ افسران کیخلاف میگا کرپشن مقدمہ، پہلی بار عیدالاضحی کیلئے قائم مویشی منڈیوں پر سرکاری پیسے کی بچت



















