ترقی کیلئے مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر،انتخابات میں تاخیر جمہوریت کےلئے نقصان دہ ہے: کنور دلشاد

لاہور (پ ر) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب کنور دلشاد نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کے انتخابات میں تاخیر جمہوریت کےلئے نقصان دہ ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ پولیٹکل سائنس کے زیر اہتمام سنگت فاﺅنڈیشن اورساﺅتھ ایشا پارٹنر شپ پاکستان کے اشتراک سے دوسرے بیچ کےلئے ڈپلومہ ان لوکل سیلف گورنمنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ملیحہ راشد، ڈی جی مانیٹرنگ لوکل گورنمنٹ محمود مسعود تمنا،ڈائریکٹرسنٹر فار سویلیٹی اینڈ انٹیگریٹی شبیر احمد خان،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سنگت زاہد اسلام ، چیئرپرسن شعبہ سیاسیات ڈاکٹر ارم خالد، ڈپٹی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ساﺅتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان عرفان مفتی،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر وائز بشریٰ خالق ،تجزیہ نگار سلمان عابد ، مختلف این جی او کے نمائندے ، فیکلٹی ممبران اور طلباﺅطالبات نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں کنور دلشاد نے کہا کہ مقامی حکومتوں کا سسٹم بہت پرانا ہے اور پاکستان میں الیکشن کمیشن اور عدالتوں نے ہمیشہ اسے سپورٹ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو اپنے منشورکا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت گڈ گورننس پر چل رہی ہے اور الیکشن کمیشن کے ساتھ ایک پیج پر ہے۔ ڈاکٹر خالد محمود نے ڈپلومہ مکمل کرنے والے پہلے بیچ کو مبارکباد پیش کی اورنئے داخل ہونے والے طلباءکو خوش آمدید کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈپلومہ سے مقامی حکومتوں کے نظام کو سمجھنے اور عوامی سطح پر آگاہی کو فروغ ملے گا۔ڈاکٹر ارم خالد نے کہا کہ ہمیں اچھے شہری ہونے کا احساس نہیں اسی لئے دوسرے بھی اس بات کی پرواہ نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال بعد ڈپلومہ ان لوکل سیلف گورنمنٹ کا اجراءاور پہلے بیچ کی تکمیل کے بعد دوسرے بیچ کا آغاز خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈپلومہ کے لئے تعاون پر پنجاب یونیورسٹی اور این جی اوز کی شکر گزار ہیں۔ شبیر احمد خان نے کہا کہ جمہوریت ، معاشی ترقی اورانصاف کا پہلا درس لوکل گورنمنٹ سے ہی ملتا ہے جس کےلئے آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملیحہ راشد نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی تحقیق اور تجاویز اداروں میں بہتری کا باعث بنتی ہیں۔ محمود تمنا نے کہا کہ ہم نے لوکل گورنمنٹ کی اہمیت کو کبھی سمجھا ہی نہیںجبکہ عوام کا سب سے زیادہ رابطہ مقامی رہنماﺅں سے ہی پڑتا ہے۔ بشریٰ خالق نے کہاکہ نظام کی بہتری کےلئے ہر سطح پر عورت کی شمولیت کو یقینی بناناہوگا۔ سلمان عابد نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم گورننس کے بحران پر قابو پانے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔عرفان مفتی نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے بغیر اتنے بڑے ملک کا نظام چلانا اور ترقی کی راہ پر ڈالنابہت مشکل ہے ۔زاہد اسلام نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل مقامی حکومتوں کے قیام میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومہ میں زیادہ سے زیادہ طلباءکے داخلے کےلئے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب یونیورسٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔