اسلام آباد (بیورورپورٹ)توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد،سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کواسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی،عدالت نے اپیل نمٹاتے ہوئے قرار دیا توشہ خانہ ٹرائل حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ،مداخلت نہیں کریں گے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔
سماعت سے قبل چیئرمین پی ٹی کی کمرہ عدالت میں موجودگی کے بعد شدید بدنظمی دیکھی گئی،2رکنی بنچ نے کمرہ عدالت سے باہر شور شرابے پر ناگواری کا اظہار کیا۔
بنچ سربراہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا عدالتی احترام ،وقار کو مدنظر رکھا جائے، باہر سے شور شرابا ختم کرائیں ورنہ کیس نہیں سنیں گے،صورتحال پر چیئرمین پی ٹی آئی کافی پریشان دکھائی دئیے،شور کے سبب بنچ کچھ دیر کیلئے اٹھ کر چلا گیا ،عدالتی ڈیکورم بحال ہوا تو ججز واپس آئے اور کیس پر سماعت کا آغاز ہوا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے سماعت کے دوران پوچھا اسلام آباد ہائی کورٹ نے تو معاملہ ٹرائل کورٹ کو بھیجا تھا، درخواستیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں،ٹرائل کورٹ کو کیسے حکم کردیں،وکیل درخواست گزار خواجہ حارث نے جواب دیا حج پر اعتراض اٹھا کر کیس کسی اور حج کے سامنے مقرر کرنے کی بھی درخواست کی تھی۔
ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا ٹرائل کورٹ کیس منتقلی کا فیصلہ کرچکی ،وکیل صفائی نے کہا مکمل انصاف کی فراہمی کیلئے سپریم کورٹ آئے ،جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ماتحت عدلیہ سے متعلق اختیار ہائیکورٹس کے پاس ہے ہم تو صرف ہائیکورٹ سے درخواست کر سکتے ہیں۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے توشہ خانہ کا ٹرائل تو حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ،جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا میرے خیال میں معاملے میں مداخلت سے گریز کرنا چاہئے، وکیل درخواست گزار نے دلائل میں مزید کہا ٹرائل کورٹ کے اختیار سماعت کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کر رکھا ہے،اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 درخواستیں زیر التوا ہیں،وکیل درخواست گزار اور ڈی جی لاءالیکشن کمیشن دونوں نے اتفاق کیا اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے دونوں درخواستوں کو سن کر فیصلہ کرے۔
سپریم کورٹ نے ہدایت کی درخواست گزار کی جانب سے توشہ خانہ ٹرائل کورٹ کے جج پر اعتراض کی درخواست ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے ،ہائیکورٹ کے مقدمہ ٹرائل کورٹ میں منتقل کرنے کے فیصلے کو بھی چیلنج کررکھا ہے لہٰذا اسلام آباد ہائی کورٹ دونوں درخواستوں کو سن کر فیصلہ کرے،سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کو کیس کا جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔
دوسری جانب احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی واہلیہ کےخلاف 190 ملین پاونڈ کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت بیرسٹر گوہر نے عدالت میں بتایا خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف تھے، پھر ہائیکورٹ جانا ہے، سپریم کورٹ کی ڈائریکشن آگئی ، آگے چھٹیاں ہیں، چھٹیوں کے بعد کی تاریخ دے دیں۔
ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردار مظفر نے کہا ہرتاریخ میں یہی کہتے ہیں عبوری ضمانت کا کیس ہے ،جج بشیر نے کہا کل کی تاریخ دے دیں، پیر 31 جولائی کی تاریخ ٹھیک ہے، خواجہ حارث بھی آجائیں گے۔
احتساب عدالت نے کہا 31 جولائی کو عبوری ضمانت پر حتمی دلائل ہوں گے ،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی ،اہلیہ بشریٰ کی عبوری ضمانت میں 31 جولائی تک توسیع کردی ،علاوہ ازیںچیئرمین پی ٹی آئی واہلیہ بشریٰ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں9 مئی کے 6مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر دی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی استدعا مسترد، توشہ خانہ ٹرائل حتمی مرحلے میں داخل ،مداخلت نہیں کرینگے،سپریم کورٹ



















