لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈڑز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) فہیم الرحمان سہگل نے نائب صدرسارک چیمبر ، سابق صدر ایف پی سی سی آئی و لاہور چیمبر میاں انجم نثار کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں انجم نثار کا نائب صدر منتخب ہونا نہ صرف پیاف بلکہ تمام بزنس کمیونٹی کی کامیابی ہے۔ میاں انجم نثار کی کامیابی انکی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تاجر و صنعتکار ملک کو معاشی استحکام فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں جس کےلئے سازگار ماحول انتہائی ضروری ہے آئندہ انتخابات کے جمہوری عمل سے نئی حکومت کا قیام عمل میں آئےگا جس سے ملکی معاشی حالات میں مزید بہتری آنا شروع ہوجائےگی،معیشت کو مظبوط کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ فہیم الرحمان نے کہاپالیسی سازی میں سٹیک ہولڈرز کو ضرور شامل کیا جائے، یہ پبلک پرائیویٹ پارٹرنرشپ اور جدید ٹیکنالوجی کا دور ہے اور ہم سب اس میںاپنا کرداربھرپور طریقے سے ادا کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔متعلقہ سٹیک ہولڈڑز کی مشاورت سے ہی ایک کامیاب پالیسی بن سکتی ہے جو معاشی مساےل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔ میاں انجم نثار نے کہاعلاقائی تعاون کی تنظیم سارک سے پاکستان خاطر خواہ فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے اور مختلف وجوہات کی بناءپر سارک ممبر ممالک کے ساتھ علاقائی تجارت کوفروغ نہیں دیا جا سکا ہے جس میں کافی بہتری کی ضرورت ہے۔دو طرفہ اورعلاقائی تجارتی معاملات میں مزیدبہتری کی گنجائش ہے ، حکومت سارک ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دے۔ اس موقع پرگورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا ملک کو خوشحال، تعلیم یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کا عزم قابل تعریف ہے۔میں دیکھتا ہوں کہ ملک کا کاروباری طبقہ ہر معاملے میں پیش پیش ہوتا ہے، قدرتی آفت سے تباہی ہو، ڈونیشن دینا ہو، مریضوں کےلئے خون عطیہ کرنا ہو، غرض کوئی بھی فلاحی کام ہو جو بھی ہو بزنس کمیونٹی ہمیشہ آگے ہوتی ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ ملک کی کاروباری برادری اسی جذبہ اور لگن کے ساتھ کام کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ ملک آج جن معاشی اور سیاسی کشمکش سے گزر رہا ہے۔ اس صورتحال میں معاشرے کے ہرشعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ملک کی ترقی اور بحالی میں ہر ممکن کردار کرنا ہوگا۔ جب تک ہم یکجا ہو کر ان نامساعد حالات کا مقابلہ نہیں کریں گے اس وقت تک ملک کی ترقی کا عمل سست روی کا شکار ہی رہے گا۔ ہم باہمی مشاورت اور مشترکہ کوشش سے ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیںاورملک میں معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں۔
تاجر و صنعتکار ملک کو معاشی استحکام فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں :گورنر پنجاب



















