ایک سو نوے ملین پاﺅنڈ کیس، اعظم خان کی نیب میں پیشی، بیان ریکارڈ، تمام تفصیل بتا دی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان 190ملین پاونڈ کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوگئے،قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو 20جولائی کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں انہیں نیب راولپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی،اعظم خان 190ملین پاونڈ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں تنہا نیب میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بیان ریکارڈ کرایا اور ٹیم کے سوالوں کے جواب دئیے،ذرائع کے مطابق اعظم خان نے اپنے بیان میں 190ملین پاونڈ سے متعلق پہلے سے موجود دستاویزات کی تصدیق کی اور بتایا پیسے کس طرح ادا کیے گئے،ذرائع کے مطابق اعظم خان نے تصدیق کی جو رقم پاکستان کے اکاونٹ میں آئی ان سارے معاملات میں وہ عینی شاہد ہیں، انہوں نے بہت چیزوں کو دیکھا ہے، عمران خان بھی اس حوالے سے ہدایات دیتے رہے،ذرائع کے مطابق اعظم خان نے مزید بتایا اس حوالے سے کابینہ اجلاس کے لیے جو سمری تیار ہوئی جس کی منظوری کابینہ نے دی اس کی تیاری میں شہزاد اکبر کا بنیادی کردار تھا، سمری پیش کرنے سے پہلے بھی ایک میٹنگ ہوئی جو عمران خان کے ساتھ ہوئی تھی اس میں شہزاد اکبر بھی موجود تھے ،ذرائع نے بتایا اعظم خان نے نیب کے سامنے کابینہ اجلاس کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوالوں کے بھی جواب دئیے اور سمری کے حوالے سے میٹنگز کا احوال بھی نیب ٹیم کو بتایا،ذرائع کے مطابق 190ملین پاونڈ کیس میں اعظم خان نے عمران خان کے دعووں کے برعکس بیان دیا اور بتایا کس کس موقع پر عمران خان نے اس حوالے سے ہدایات جاری کیں جبکہ شہزاد اکبر بھی رقم کے حوالے سے مشاورت کرتے رہے، اس حوالے سے کابینہ میں سمری پیش کرنے کا فیصلہ عمران خان کی منظوری سے ہوا۔