اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ سائفر کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے پر 14 سال تک سزا، تفتیش میں عدم تعاون پر عمران خان کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چیئرمین تحریک انصاف نے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، سائفر کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کرنے پر 14 سال تک سزا ہوسکتی ہے، سائفر کیا تھا، کیا کھیل کھیلا گیا اب کوئی راز نہیں رہا۔
سابق وزیراعظم کا کھیل تو کامیاب نہ ہوسکا البتہ ملک، معیشت اور اداروں کو نقصان پہنچایا گیا، ملکی اداروں کو جو نقصان پہنچایا گیا وہ سنگین ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کئی ماہ پہلے سائفر کا معاملہ وفاقی کابینہ میں زیرغور آیا، اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے پرانے منٹس کو دیکھا گیا، تب کے وزیراعظم نے سائفر کو اپنی تحویل میں لیا اور جلسے میں عوام کے سامنے لہرایا پھر متعلقہ محکمے کو واپس نہیں لوٹایا۔
وزیر قانون نے کہا کلاسیفائیڈ دستاویزات پبلک و شیئر نہیں کی جاسکتیں، قومی سلامتی کو پس پشت ڈالتے ہوئے کاغذات کا بے دریغ استعمال کیا گیا، دوست ملک کےساتھ تعلقات بگڑے، عالمی سطح پر تعلقات کی دوبارہ بحالی میں وقت لگا، اثرات ملکی معاشی صورتحال پر پڑے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا معاملہ قانون کے مطابق انکوائری کیلئے ایف آئی اے کو بھیجا، آفیشل سیکرٹ، ضابطہ فوجداری کی منشا ہے ایسے معاملے پر قانونی کارروائی کیلئے وفاقی حکومت منظوری دیتی ہے۔ سیکرٹری داخلہ کو اختیار دیا گیا، انہوں نے معاملہ ایف آئی اے کو بھجوایا، ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم کو طلب کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنا مو¿قف دینے کی بجائے لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کو سنے بغیر حکم امتناع دیدیا، 6 ماہ تک معاملہ سٹے کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، حکومتی درخواست پر کچھ دن قبل حکم امتناع ختم کردیا گیا۔
اعظم خان اہم گواہ ہیں، 164 کے تحت مجسٹریٹ کو بیان دیا، اعظم خان کے بیان، عمران خان کے جواب کو مدنظر رکھتے ہوئے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی متعلقہ شقوں و دفعات کے تحت ایف آئی اے مزید کارروائی کا فیصلہ کرےگا۔ وزیر قانون نے مزید کہا سائفر معاملے پر تحقیقات میرٹ پر ہوںگی، تحقیقات میں عدم تعاون پر گرفتاری ہوسکتی ہے، پیش ہونے کی بجائے چھپےں گے تو پھر کیا ہوسکتا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی جواب دینے کو تیار نہیں، نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں کے معاملے پر حقائق قوم کے سامنے رکھے تھے، انہوں نے اپنی حکومت بچانے یا اسمبلی پر شب خون مارنے کیلئے نہیں کیا تھا۔ وزیر قانون نے کہا مشرف دور میں بھی میاں صاحب پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ نہیں لگایا گیا، لیگی قیادت نے ترمیمی نیب قانون کے تحت ریلیف نہیں لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے درجن بھر درخواستیں ترمیمی قانون کے تحت دیں۔ بعد میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا اگر غفلت کے باعث دستاویزات کو نقصان پہنچا ہے تو 2 سال تک سزا ہوسکتی ہے، اگر شہادت ہے دستاویزات ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کی گئیں، ملکی سلامتی کو نقصان پہنچا تو 14 سال سزا یا زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔
فوجی عدالتوں کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے۔ اٹارنی جنرل کے دلائل سے اتفاق کرتا ہوں، آرمی ایکٹ کے سیکشن ٹو ڈی کے تحت سویلینز کا مخصوص حالات میں فوجی عدالتوں میں ٹرائل ہوسکتا ہے، ماضی میں بھی فوجی عدالتوں میں کیس چلائے گئے، آرمی ایکٹ میں اپیل کا حق موجود ہے، آرمی چیف اپیل خود بھی سن سکتے ہیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا راولپنڈی بار کیس میں 17 رکنی بنچ نے قرار دیا ہر مستحق کو اپیل کا حق ہے، عالمی قوانین کے تحت ملزم کو جو حقوق حاصل ہیں موجودہ کیسوں میں ملزموں کو وہ سب حقوق حاصل ہیں، یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، کلبھوشن کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں گیا، عالمی عدالت انصاف نے بھی پاکستانی قوانین پر اعتماد کا اظہار کیا
اعظم خان نے 164 کا بیان مرضی سے دیا۔ ادھر وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا سائفر کی تحقیقات میں عدم تعاون کرنے کی صورت میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرسکتی ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں رانا ثنا نے کہا ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کی تفتیش کےلئے طلب کرلیا، اگر وہ انکوائری کے مرحلے کے دوران تعاون نہیں کرتے تو گرفتاری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ تحقیقات کے بعد ایف آئی اے سفارشات و شواہد کی روشنی میں ملوث افراد کیخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
سائفر کے سیاسی مقاصد پر 14 سال تک سزا ،عمران کو گرفتار کیاجاسکتاہے،وفاقی وزرا



















