اماراتی کمپنیوں اورترکیہ کے درمیان 50ارب ڈالرکے معاہدے
ابوظہبی (مشرق نیوز) متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مجموعی طور پر 50.7 ارب ڈالر مالیت کے متعدد تزویراتی معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتیں طے پائی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید آل نہیان اور ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی موجودگی میں دست خط کئے گئے۔یواے ای کی توازن کونسل اور ترک ڈیفنس انڈسٹریز ایجنسی کے درمیان دفاعی صنعت کے شعبے میں تزویراتی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔یواے ای کی خلائی ایجنسی ترکیہ کی وزارت برائے سائنس، صنعت، ٹیکنالوجی اور ترک خلائی ایجنسی کے درمیان تجارتی مقاصد کیلئے مشترکہ لانچ وہیکل کی صلاحیتوں کی ترقی سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔ برآمدات اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے اے ڈی کیو اور ترک ایگزم بینک کے درمیان ایکسپورٹ کریڈٹ فنانسنگ کے شعبے میں ایک سمجھوتا طے پایا ہے۔ابوظبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی اور ترکیہ کی وزارت خزانہ کے درمیان زلزلے سے متاثرہ ترکیہ کے علاقوں کی تعمیرِنو کے مقاصد کےلئے سکوک میں سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا ہے۔ترکیہ متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، 2013 سے 2022 تک دونوں ممالک کے درمیان غیر تیل انٹرا ٹریڈ کی مالیت 103 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جو 56 ارب ڈالر کی درآمدات، قریبا 35 ارب ڈالر کی برآمدات اور 12 رب ڈالر سے زیادہ کی دوبارہ برآمدات میں تقسیم ہے۔اس سال کے اوائل میں دونوں ممالک کی حکومتوں نے ایک جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے پر دستخط کئے تھے جس کا مقصد اگلے پانچ سال میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو 40 ارب ڈالر تک بڑھانا ہے۔



















