ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو گی: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہو گی، الیکشن اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوں گے الیکشن کمیشن اس کا اعلان کرےگا۔ انہوں نے پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ اور قومی نصاب میں اصلاحات کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی حکومت عوام کے ووٹوں سے آئے وہ تعلیم کو پہلی ترجیح دے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج آئی ایم ایف کے بورڈ کی میٹنگ ہے، دعا کریں آج آئی ایم ایف پروگرام منظور ہو جائے، انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ فخریہ نہیں بلکہ لمحہ فکریہ ہے، ہمسایہ ممالک ہم سے کہیں آگے نکل گئے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ تعلیم کے ذریعے دنیا نے ترقی کی، 2008 میں پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا آغاز کیا گیا۔ انکا کہنا ہے کہ وظائف سے ہزاروں غریب طلبا نے اپنی تعلیم مکمل کی، ہمیشہ تعلیمی وظائف کو بڑھانے کی کوشش کرتا رہا ہوں، آئندہ جو بھی حکومت آئے تعلیمی وظائف کی رقم میں اضافہ کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ مشکل دور بہت جلد گزر جائےگا، پاکستان مستحکم ہو گا، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈز پر ملک بھر کے طلبا کا حق ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ملک کی لاکھوں بچیاں کم وسائل کے باوجود اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، وظائف کیلئے کم ترقی یافتہ علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، وقت آ گیا ہے کہ تعلیم پر مکمل توجہ دیں۔