لاہور (اپنے نمائندے سے) محکمہ اوقاف میں مزارات پر کیش چوری کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ پیر مکی پر انتظامیہ کی ملی بھگت سے رات گئے لاکھوں روپے کا کیش چوری ہوگیا۔ حسب روایت نگران اور دو سیکورٹی گارڈز معطل، منیجر نے خود کو بچالیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف کی اعلیٰ انتظامیہ مزارات پر کیش چوری پر قابو نہ پاسکی۔ اس حوالے سے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے فیصلے میں واضح ریمارکس دئیے تھے کہ مزارات پر تعینات عملہ مزارات کا 50 فیصد کیش چوری کررہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پیر مکی دربار سے لاکھوں روپے کا کیش چوری کرلیا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے کیش چوری کی تصاویر حاصل کرلی گئی ہیں۔ اوقاف انتظامیہ نے رات کی ڈیوٹی کے نگران حکیم خادم حسین اور دو سیکورٹی گارڈز احسان الٰہی اور خاتون گارڈ عذرا بی بی کو فارغ کرکے اے جی ایس کمپنی کو واپس کردئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ دربار پر جہاں دن رات رش رہتا ہے، کیش چوری کیسے ہوگیا؟ بظاہر واقعہ میں دربار کی پوری انتظامیہ ملوث ہے، وقتی طور پر اعلیٰ انتظامیہ کو خاموش کرانے کیلئے یہ کارروائی کی گئی ہے جبکہ بعد میں اس پر مٹی ڈال دی جائیگی۔ واضح رہے پیر مکی دربار پر منیجر عمران تبسم نے کیش بکس توڑ کر کیش چوری کیا تھا جس پر ریکوری ڈال کر نرم پالیسی اختیار کرتے ہوئے بحال کرکے دوبارہ پرکشش عہدے پر تعینات کردیا گیا۔ نگران حکیم خادم حسین پر پہلے بھی کیش چوری کے الزامات ہیں لیکن انتظامیہ کی ملی بھگت سے دوبارہ دربار پر تعینات کردیا گیا۔
مزارات پر کیش چوری کا سلسلہ جاری، پیر مکی دربار پر لاکھوں کی واردات، نگران اور دو سیکورٹی گارڈز معطل



















