ذرائع آمدورفت کا معاشی بہتری اور علاقائی ترقی میں بنیادی کردار ہے : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ذرائع آمدورفت عوام کی معاشی بہتری اور علاقے کی یکساں ترقی کےلئے بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اسلئے پنجاب حکومت ساہیوال ڈویژن میں جاری ہائی وے پراجیکٹس کی جلد تکمیل پر پوری توجہ دے رہی ہے اور مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ساہیوال ڈویژن میں محکمہ ہائی وے 17ارب 20کروڑ روپے سے زائد کی خطیر رقم سے 13بڑے منصوبے مکمل کر رہی ہے جس سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں محکمہ ہائی وے کے جاری منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایس ای ہائی وے ارشد ندیم، ایکسین ہائی ویز افتخار احمد، فتح محمد وٹو اور جواد احمد اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت نے بھی شرکت کی۔ ایس ای ہائی وے ارشد ندیم نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 6 منصوبوں پر کام جاری ہے جس پر 6 ارب 60 کروڑ 85 لاکھ روپے، ضلع اوکاڑہ میں 4منصوبوں پر4ارب12کروڑ61لاکھ روپے اور ضلع پاک پتن میں 3منصوبوں پر 6 ارب 46 کروڑ 54 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کے ایکسینز کو سختی سے ہدایت کی کہ اگلے 4ماہ میں مکمل ہونے والے منصوبوں پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں ایکسین ہائی وے ساہیوال افتخار احمد نے بتایا کہ جھال روڈ اوور ہیڈ برج کا90فی صد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ مزدور پلی تک سڑک کی تعمیر14کروڑ روپے کے فنڈز کی دستیابی پر2ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔ اسی طرح ساہیوال بائی پاس کی تعمیر 54کروڑ روپے کے فنڈز کی دستیابی کی صورت میں اسی سال مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال، پاکپتن روڈ کا ضلع ساہیوال میں 20کلو میٹر حصہ بھی تیزی سے زیر تعمیر ہے اور سڑک کی ایک سائیڈ اگلے ایک ماہ میں کارپٹ کر دی جائے گی تاہم دوسرا حصہ پسپ پروگرام کے تحت سیوریج پائپ ڈالے جانے کی وجہ سے زیر التواءرہے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کی وجہ سے 3کلو میٹر پر زیرا لتواءکام کو بھی اگلے3ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو درپیش پریشانی کا خاتمہ ہو سکے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید ساہیوال میں رات بھر سے ہونےوالی بارش باعث سڑکوں اور اندرون شہر میں کھڑے پانی کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں نکل پڑے۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں کچہری چوک فا¶ے چوک بیرون لاری اڈا پاک پتن چوک جوگی چوک ہائی سٹریٹ صدر بازار جناح چوک ،لیاقت چوک ، گول چکر اور گرلز کالج روڈ بارش کے کھڑے پانی کا جائزہ لیا اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت دی کہ بارش کے پانی کی نکاسی کو جلد حل کیا جائے اور اپنی پوری مشینری کو استعمال میں لائیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات پیش نہ آئےں۔ بعد ازاں کمشنر ساہیوال نے بیرون لاری اڈا کا دورہ کیا دورہ کے دوران کرایوں کی وصولی کا ریکارڈ رجسٹر چیک کیا اور لاری اڈے کی صفائی کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت انہوں نے مزید کہا بس سٹینڈ پر مسافروں کے لیے بیٹھنے کی جگہ اور پینے کے لیے ٹھنڈا پانی اور واش روم کی صفائی کو مزید بہتر کیا جائے اس موقع پر چیف افیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد بھی ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے مون سون سیزن میں بارشوں اور سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اورسیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات کا از سر نو جائزہ لیں۔ انہوں نے میونسپل افسران کو مون سون سیزن سے پہلے سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ شہر میں سڑکوں کی مرمت کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے ڈویژن کے میونسپل اداروں کو سڑکوں کے اردگرد جمع کوڑے کرکٹ کو بھی فوری اٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہر بھر میں موجود پرانی بلڈنگز کا تعین کیا جائے اور مالکان کو نوٹسز جاری کیے جائیں اور مشینری کو فنگشنل کیا جائے۔ وہ اپنے دفتر میں ممکنہ سیلاب اور مون سون سیزن کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرکے علاوہ ہیلتھ، ایریگیشن، لائیوسٹاک، زراعت، سول ڈیفنس، ریسکیو،لوکل گورنمنٹ،میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ رواں برس مون سون سیزن کے پیش نظر تمام محکمے ہائی الرٹ رہیں اور مشینری کو فنگشنل رکھیں۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیں اور فلڈ فائٹنگ پلان مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر دریائی علاقوں میں تجاوزات اور کچی آبادیوں کا دورہ کریں اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ پانی کے بہا¶ میں کسی قسم کی مشکل پیش نہ آئے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے محکمہ صحت کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ ڈاکٹرز، نرسز، ویکسینیٹرز اور دیگر سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر تیار کریں اور ہسپتالوں میں زائد المعیاد ادویات کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے۔ انہوں نے تمام ہسپتالوں میں ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ساتھ تمام محکمے ڈیوٹی روسٹرز تیار کریں تاکہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔