پی ٹی آئی نے راجہ اعظم کو گلگت بلتستان کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا
گلگت بلتستان (مشرق نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے راجہ اعظم کو نامزد کردیا۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے راجہ اعظم کا نام تجویز کیا۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جی بی کی وزارت اعلیٰ کیلئے راجہ اعظم متفقہ طور پرپی ٹی آئی کے امیدوار نامزد ہوئے ہیں اور چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی انکی نامزدگی کی منظوری دےدی ہے۔ گزشتہ روز گلگت کی عدالت نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دےدیا تھا۔ خالد خورشید کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے پیپلز پارٹی کے عبدالحمید اور مسلم لیگ (ن) کے رانا فرمان علی نے خالد خورشید کی ڈگری کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کردیا تھا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ڈگری لندن کی تھی اور انہیں جی بی بار کونسل نے وکالت کا لائسنس جاری کیا تھا لیکن لندن کی یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری کی تصدیق نہیں کی گئی تھی، گلگت کی عدالت کے 3 رکنی بنچ نے اس کیس میں خالد خورشید کو نااہل قرار دےدیا تھا۔



















