فوجی تنصیبات پر حملوں کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی: بلاول بھٹو

ٹوکیو (مشرق نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ٹیکنالوجی سیکٹر میں جاپان دنیا میں ایک لیڈر ہے،جاپان کےساتھ تعاون بڑھائیں گے،تفصیلات کے مطابق جاپان میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا میرا جاپان کا یہ پہلا دورہ ہے جس کا مقصد تجارت کو فروغ دینا ہے،بلاول بھٹو نے کہا ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی فلسفہ رہا ہے ہمیں امداد نہیں تجارت چاہیے اور میرے اس دورہ جاپان کا مقصد بھی یہی ہے،انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سفیر ہیں، اوورسیز پاکستانی باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے کردار ادا کریں، چاہتے ہیں جاپان میں مقیم پاکستانی برادری کے مسائل حل ہوں،وزیر خارجہ نے کہا آج کل پاکستان میں آم کا سیزن ہے، پوری دنیا میں پاکستانی آم پسند کیا جاتا ہے، چاہتے ہیں پاکستان اور جاپان میں زراعت کے شعبے میں ایکسپورٹ بڑھے،پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں بھی پوٹینشل ہے اس سیکٹر میں بھی تعلقات میں اضافہ ہونا چاہیے، پاکستان کی آبادی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، پاکستان کی 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنے چاہئیں،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا9مئی کا واقعہ پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ باب ہے، جمہوری احتجاج کے نام پر فوجی تنصیبات پر حملوں کی کسی کو اجازت نہیں دی جائےگی،ہم سب کی ذمہ داری ہے صحیح کو صحیح اور غلط کو غلط کہیں، پیپلز پارٹی نے بہت زیادہ مشکلات دیکھیں لیکن کبھی ریڈلائن کراس نہیں کی،بلاول بھٹو نے مزید کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کےلئے جدوجہد کی،علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے جاپانی بزنس ایگزیکٹوز جائیکا اور جیٹرو کے نمائندوں نے ملاقات کی اس موقع پر سرمایہ کاری اور تجارت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔