لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے غازی آباد میں نامعلوم افراد نے 2 کمسن بچیوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی،چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بچیوں اور ان کے لواحقین کو قانونی معاونت مہیا کرنے کی یقین دہانی کروا دی ۔ پولیس کے مطابق کرائے دار اور مالک مکان کی بیٹیاں 13سالہ طیبہ اور 7سالہ مافیا گھر کی چھت پر کھیل رہی تھیں، جہاں وہ پراسرار طور پر جھلس گئیں۔پولیس ذرائع کے مطابق بچیوں پر مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی گئی ۔ بچیوں کو فوری طور پر میو ہسپتال کے برن یونٹ میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔دوسری جانب چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد کی ہدایت پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور ٹیم نے میو ہسپتال میں جا کر کمسن بچیوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی۔ ٹیم نے چیئرمین سارہ احمد کی جانب سے متاثرہ بچیوں اور لواحقین کو قانونی اور طبی معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ۔اس حوالے سے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور کی ٹیم نے آگ سے جلنے والی دو کمسن بچیوں اور لواحقین سے ملاقات کی ہے،جلنے والی دونوں کمسن بچیاں میو ہسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج ہیں ۔ جلائی جانے والی دونوں کمسن بچیوں کو ہر قسم کی قانونی اور طبی معاونت فراہم کی جائےگی۔
نامعلوم افراد نے 2 بچیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، ہسپتال داخل



















