گورننس، سروس ڈلیوری کی بہتری،قلیل اور طویل مدتی اقدامات پر مشتمل تجاویز تیار کی جائیں :چیف سیکرٹری

لاہور ( اپنے رپورٹر سے) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے گورننس اور سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے محکموں کو قلیل اور طویل مدتی اقدامات پر مشتمل تجاویز تیار کریں۔انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کی جس میں تمام ڈویڑنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے افسران اپنے فرائض خلوص نیت سے سر انجام دیں، ناقص کارکردگی اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور تین روز کے اندر ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اور تمام ایئر کنڈیشنرز فعال کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ نا جائز قابضین سے سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن شروع کیا جائے اورغیر قانونی قبضوں میں ملوث افرادکیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کااستعمال ناگزیر ہے، ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم سے کام کے طریقہ کار میں جدت آئی ہے۔ چیف سیکرٹری نے اضلاع میں پارکوں کی بہتری، خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور کھلے مین ہولز کے ڈھکن لگانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔